روپیہ تگڑا: ڈالر 90 پیسے‘ سونا 5200 روپے تولہ سستا
کراچی (کامرس رپورٹر) نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو انٹر بنک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر مزید90پیسے کم ہوگیا جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر50پیسے گھٹ گیا۔ سٹیٹ بنک کے مطابق پیر کو انٹر بنک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر مزید90پیسے گھٹ گئی جس سے ڈالر کی قیمت 291.76روپے سے گھٹ کر 290.86روپے پر آ گئی۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 50پیسے کی کمی سے 293.50 کی سطح سے کم ہو کر293روپے پر آگیا۔ چیئرمین فاریکس ایسوسی ایشن ملک بوستان نے کہا ایکسچینج کمپنیوں میں آنے والوں کو ایجنسیاں تنگ نہ کریں تو مزید ڈالر فروخت کیلئے آئیں گے۔ آل سندھ صرافہ جیولرز کے صدر حاجی ہارون رشید چاند اپنے وعدے پر عمل نہ کر سکے اور پیر کو بلین مارکیٹ سے سونے کے بھاو¿ جاری نہیں کئے گئے۔ تاہم پیر کو مختلف ویب سائٹ پر جاری کردہ غیر مصدقہ سونے کے ریٹ کے مطابق 24قیراط سونے کی فی تولہ قیمت5ہزار200سو روپے گھٹ گئی اور فی تولہ قیمت 2لاکھ 15ہزار 600 روپے کی سطح سے کم ہو کر 2لاکھ 10ہزار 400 روپے رہ گئی۔