• news

مودی کا بھارت عالمی خطرہ، سکھ رہنما: تعلقات چیلنجنگ مسئلہ ہوسکتا، کینیڈین وزیردفاع

اوٹاوا (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) کینیڈا کے وزیر دفاع بل بلیئر نے کہا ہے کہ سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کے معاملے پر نئی دہلی کے ساتھ ہمارے تعلقات میں چیلنجنگ مسئلہ ہوسکتا ہے۔ اوٹاوا میں مقامی چینل سے گفتگو کے دوران بل بلیئر کا کہنا تھا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم قانون اور اپنے شہریوں کا دفاع کریں۔ کینیڈین وزیر دفاع نے کہا کہ مکمل تحقیقات کر کے سچ تک پہنچنے کو یقینی بنانا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔ اگر الزامات درست ثابت ہوتے ہیں تو یہ ہمارے لئے بےحد تشویش کا باعث ہوگا۔ بل بلیئر نے کہا کہ کینیڈا کی سرزمین پر کینیڈین شہری کے قتل سے ہماری خود مختاری کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔ نیویارک اور کینیڈا میں مقیم سکھز فار جسٹس (ایس ایف جے)کے رہنما گروپتوت سنگھ پنن نے کہا ہے کہ نریندر مودی کا بھارت عالمی خطرہ بن چکا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق گروپتوت سنگھ پنن نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہردیپ سنگھ نجر کا قتل کرکے کینیڈا میں دہشت گردی کی کارروائی کے بعد بھارتی میڈیا اور پارلیمنٹ کھلے عام کینیڈا کو سرجیکل سٹرائیک اور ایٹمی حملے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ جو کہ کینیڈا کے خلاف اعلان جنگ ہے۔ سکھ رہنما نے کینیڈا کے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ یہ کینیڈا کی خودمختاری کے لیے براہ راست چیلنج ہے۔ ہم خالصتانی سکھوں نے ہمیشہ اپنے ملک کا دفاع کیا ہے اور ہم کینیڈا کا دفاع کریں گے۔ سکھ رہنما نے این ڈی پی سے لے کر کنزرویٹو پارٹی تک کے کینیڈین لیڈروں سے کہا کہ بھارت کی جانب سے جوہری حملے کی دھمکیوں پر آپ کے ردعمل کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بھارت سے کہا کہ ہم آپ کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے جارہے ہیں۔ 29اکتوبر کو سرے میں خالصتان ریفرنڈم ہوگا اور اسے شہید نجر کے نام کیا جائے گا۔ سکھ تنظیموں نے امریکا اور کینیڈا میں بھارتی سفارتی مشن کے سامنے مظاہروں کا اعلان کردیا۔ کینیڈا کے سکھ فار جسٹس گروپ کی جانب سے بھارتی سفارتی مشنز کے سامنے مظاہروں کا اعلان کیا گیا۔ خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے سکھ فار جسٹس گروپ کے سربراہ جیتندر سنگھ گریوال کا کہنا تھا کہ اوٹاوا، ٹورنٹو، وینکوور میں بھارتی سفارتخانے اور قونصل خانوں کے سامنے آج احتجاج کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ احتجاج ہردیب سنگھ قتل کے بارے میں عوامی آگاہی بڑھانے کےلئے کیا جائے گا، حکومت سے مطالبہ ہے کہ بھارتی سفیر کو ملک بدر کیا جائے۔ دوسری جانب امریکی ریاست کیلیفورنیا میں گوردوارہ صاحب کے جنرل سیکرٹری امرجیت سنگھ نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ سکھوں کے حقوق کی پرامن تحریک چلانے والے کو بھارتی حکومت نے قتل کیا ہے۔ امرجیت سنگھ کا کہنا تھا کہ بھارتی دہشت گردی کے خلاف بھارتی قونصل خانے کے سامنے آج احتجاج کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن