• news

پہلی پلاسٹک روڈ کا افتتاح: غیر معیاری انجکشن کی فروخت روکدی: محسن نقوی، متاثرین کی عیادت

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پنجاب کی تاریخ میں پہلی پلاسٹک روڈ بن گئی، محسن نقوی نے پہلی پلاسٹک روڈ کا افتتاح کر دیا۔ جم خانہ مال روڈ سے جیل روڈ تک بننے والی ظفر علی پلاسٹک روڈ کا افتتاح محسن نقوی نے معائنہ کیا اور معیار کا جائزہ لیا۔ سیکرٹری تعمیرات ومواصلات اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے پروفیسرز نے پلاسٹک روڈ کی افادیت کے بارے میں بریفنگ دی۔ محسن نقوی نے کہاکہ پلاسٹک روڈ کے کامیاب تجربے کے بعد اس کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا۔ ایک ماہ تک موجودہ پلاسٹک روڈ کا جائزہ لے کر مزید پلاسٹک روڈز بنائیں گے۔ مال روڈ کو بھی پلاسٹک روڈ میں تبدیل کیا جائے گا۔ پلاسٹک روڈ بارش کے پانی سے جلد ٹوٹے گی نہیں۔ پلاسٹک روڈ کم ازکم 10سال تک چلتی ہے۔ پلاسٹک روڈ پر لاگت بہت کم آئی ہے، اس سڑک کی تعمیر پر 6 کروڑ کی جگہ 2 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔ عام سڑک 6 کروڑ روپے کی بن رہی ہے جبکہ پلاسٹک روڈ 2 کروڑ روپے کی بنی ہے۔ محسن نقوی نے سینٹر پوائنٹ تا والٹن روڈ سی بی ڈی ”پنجاب قائد ڈسٹرکٹ پراجیکٹ“ کا دورہ کیا اور کام کی رفتار کا جائزہ لیا اور والٹن ریلوے ٹریک پر اوورہیڈ برج پراجیکٹ کے آغاز کا بھی معائنہ کیا۔ محسن نقوی نے والٹن اوورہیڈ برج پراجیکٹ کو فاسٹ ٹریک پر مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اوورہیڈ برج کا پراجیکٹ 60 روز میں مکمل کیا جائے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ یہ منصوبہ لاہور کی ترقی کو نئی سمت دے گا۔ محسن نقوی نے کہا کہ لاہور میں بڑی سڑکوں کا متوازی نظام بننے سے ٹریفک مینجمنٹ بہتر ہو گی۔ سی بی ڈی مین بلیوارڈ کا ایک انڈرپاس مکمل ہو گیا ہے، روڈ کھلنے تک دوسرا انڈرپاس بھی مکمل ہو جائے گا۔ سی بی ڈی منصوبے پر ہر بڑی کمپنی آرہی ہے، نئی ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ لاہور میں موجود قونصلیٹ بھی سی بی ڈی ایریا میں منتقل ہونے میں دلچسپی ظاہر کر چکے ہیں۔ لیب رپورٹ آنے تک غیر معیاری انجکشن کی پنجاب میں سیل روک دی گئی ہے۔ لیبارٹری کی رپورٹ آنے کے بعد انجکشن کے استعمال کی اجازت کا فیصلہ کیا جائے گا۔ غیر معیاری انجکشن کی فروخت پر متعلقہ ڈرگ انسپکٹروں اور حکام کے خلاف کارروائی شروع ہو چکی ہے۔ محسن نقوی سے جاپان کے سفیرواڈا مٹسو ہیرو نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاحت، میوزیم کی بحالی، آٹو انڈسٹریز، واٹر، دیگرشعبوں میں تعاون بڑھانے اورجائیکا (JICA) کی معاونت سے جاری پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہاکہ پنجاب کے عوام کو مزید سہولتیں دینے کے لئے جاپان کی تکنیکی معاونت کاخیر مقدم کرتے ہیں۔ جاپان کے تعاون سے ٹیکسلا میوزیم کے ساتھ لاہور میوزیم کو بھی اپ لفٹ کریں گے۔ جاپان کا آٹو انڈسٹری میں اپنا علیحدہ مقام ہے، الیکٹرک موٹر بائیکس کے حوالے سے جاپانی تعاون چاہتے ہیں۔ علاوہ ازیں محسن نقوی کی ہدایت پر پہلی بار پنجاب میں سعودی عرب کا قومی دن جوش و خروش سے منایا گیا اور سعودی عرب کے قومی دن پر تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ شاہراو¿ں اور سڑکوں پر سعودی عرب کی قیادت کے پوٹریٹ اور بینرز آویزاں کئے گئے۔ محسن نقوی نے میو ہسپتال میں غیر معیاری انجکشن سے بینائی متاثر ہونے والے مریضوں سے ملاقات کی۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے متاثرہ مریضوں کی مزاج پرسی کی اور ان کا حوصلہ بڑھایا۔ وزیراعلی نے زیر علاج بشیر احمد، شاہد سلیم، منظور حسین، عائشہ، مسز زاہدہ اور افشاں بی بی کی تیمارداری کی۔ مریض اور ان کے لواحقین وزیراعلی کو صورتحال بتاتے ہوئے رو پڑے۔ بزرگ مریضہ کی بیٹی ماں کی تکلیف بیان کرتے ہوئے آنسوو¿ں پر قابو نہ رکھ سکی۔ بیٹی نے وزیراعلیٰ کو مخاطب کرکے کہا کہ میری ماں کی دونوں آنکھیں چلی گئیں، ملزموں کو پکڑیں۔ وزیراعلی محسن نقوی نے مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو تسلی دی۔ محسن نقوی نے کہا کہ ذمہ داروں کو انجام تک پہنچائیں گے۔ پرچے درج کر لئے گئے ہیں، ریڈ ہورہے ہیں۔ جو میرے بس میں ہے ضرور کیا جائے گا۔ پوری حکومت متاثرہ مریضوں کے ساتھ ہے۔ محسن نقوی نے میڈیا میں کہا کہ غیرمعیاری انجکشن کے واقعہ میں ملوث افراد کے خلاف قوانین کے مطابق سختی کارروائی کریں گے۔ جو لوگ حکومت پنجاب سے علاج کروانا چاہیں گے، حکومت ان کا علاج کروائے گی۔ وعدہ ہے کہ واقعہ میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ تحقیقاتی رپورٹ کی بنیاد پر واقعہ میں ملوث ذمہ داران کا تعین کیا جائے گا۔ صرف خبر دینے کے لئے کسی سے ناجائز طور پر زیادتی نہیں کر سکتے۔ کسی کے ساتھ زیادتی نہیں کی جائے گی اور ذمہ داران کو چھوڑا نہیں جائے گا۔ ہمیں تعین کرنا ہے کہ انجکشن میں مسئلہ تھا، ٹرانسپورٹیشن میں مسئلہ تھا یا ٹمپریچر کا مسئلہ تھا۔ انجکشن لاہور سے بن کر صادق آباد جاتے ہیں، دیکھنا ہے کہ مسئلہ کہاں ہے۔ ڈرگ انسپکٹر کی کوتاہی ہے کہ اس نے یہ انجکشن بکنے کیوں دئیے۔ سارا معاملہ پرائیویٹ ہسپتال میں ہورہا تھا تو ہیلتھ کیئر کمیشن کہاں تھا؟۔ ہیلتھ کیئر کمیشن اور ڈرگ انسپکٹر کو جواب دینا پڑے گا، ہمیں اپنا بھی احتساب کرنا ہے۔ جہاں جہاں مشکلات آئیں انشاء اللہ حل کریں گے۔محسن نقوی سے شاہی قلعہ میں رنجیت سنگھ رانا کی قیادت میں یورپ سے سکھ دل (گروپ) کے162رکنی وفد نے ملاقات کی۔ سکھ دل (گروپ) کا وفد 10روزہ دورے پر پاکستان میں ہے۔ سکھ دل (گروپ) کے وفد کے اعزاز میں سٹی گورنمنٹ لاہو رکی طرف سے استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہاکہ آپ ہمارے مہمان ہیں، بھائی ہیں او رہم آپ کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ سکھ یاتری جتنے بھی دن قیام کریں گے، محبتیں دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن