• news

الیکشن ہو نا نہ ہونا بعد کی بات، ملکی حالات ٹھیک ہونے چاہئیں: شجاعت

گجرات (نامہ نگار ) سابق وزیر اعظم و سربراہ مسلم لیگ ق چوہدری شجاعت حسین نے ظہور پیلس میں اپنے والد چوہدری ظہور الٰہی شہید کی برسی میں دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں ہمیشہ کھل کر بات کرنے عادی ہوں اپنے بیٹوں کو بھی کھل کر بات کرنے کا ہمیشہ کہا ہے ، بیٹوں کو ہمیشہ مظلوم کا ساتھ دینے اور ظالم کا راستہ روکنا کی تلقین کی ہے ۔ملک کے وسیع تر مفاد میں تمام سیاستدانوں کو اختلافات بھلا کر اکٹھے بیٹھیں الیکشن ہونا نہ ہونا بعد کی بات ہے پہلے ملکی حالات ٹھیک ہونے چاہیے ۔پرویز الٰہی پر کبھی تنقید نہیں کی ۔برسی سے سابق وفاقی وزیر سالک حسین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج برسی پر دلی دکھ ہے کہ ہمارے خاندان کے کچھ افراد سٹیج پر ساتھ نہیں ہمارے ساتھ ہر بار زیادتی ہوئی ،شجاعت حسین نے بڑے ہونے کا ثبوت دیا ۔انہوں نے 13 پارٹیوں کیساتھ چوہدری پرویز الٰہی کی وزارت کیلئے بات کی ،پرویز الہٰی کو نہ سننے کی عادت ہی نہیں ہے ہم آج بھی چوہدری پرویز الٰہی کیلئے دعا گو ہیں ۔جنرل سیکرٹری مسلم لیگ ق چوہدری شافع حسین نے کہا کہ الیکشن میں ق لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے ن لیگ نے کمیٹی بنا دی ہے ،آصف علی زرداری چند روز قبل چوہدری شجاعت صاحب کی تیمار داری کیلئے آئے تھے پیپلز پارٹی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی ،امید ہے سندھ سے بھی ق لیگ کی کچھ سیٹیں نکلیں گی ،پنجاب میں ق لیگ پندرہ سے بیس امیدوار الیکشن میں کھڑے کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن