سرکاری رقبے پر قبضے کا الزام، خاور مانیکا گرفتار، ایک روزہ راہداری ریمانڈ منظور
لاہور (خبرنگار)ایف آئی اے امیگریشن نے بشریٰ بی بی کے سابق شوہر خاور مانیکا کو بیرون ملک جانے سے روک دیا۔ اینٹی کرپشن نے خاور مانیکا کو سرکاری رقبے پر غیر قانونی قبضے کے الزام میں گرفتار کر لیا ۔خاور مانیکا کےخلاف ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کے ریفرنس پر اینٹی کرپشن اوکاڑہ نے بعد از انکوائری مقدمہ درج کیا تھا۔ریفرنس میں کہا گیا کہ خاور مانیکا نے پیر اسلام قبرستان حویلی لکھا کی جگہ پر غیر قانونی 26دوکانیں اور بغیر منظوری/ نقشہ 4 کنال اراضی پر شادی ہال تعمیر کر رکھا ہے۔ جن کی لاکھوں روپے ماہانہ آمدن ہے مگر حکومت کو کسی قسم کے ٹیکس کی ادائیگی نہ ہوتی ہے۔ خاور مانیکا پر یہ بھی الزام ہے کہ غیر قانونی طور پر تعمیر شدہ دکانوں کے پی ٹی ون جاری کرائے اور غیر قانونی طور پر بنائی گئی دکانوں سے ابتک 2 کروڑ 60 لاکھ روپے سے زائد کرایہ وصول کیا۔ اینٹی کرپشن نے خاورمانیکا کو ملک سے فرار ہونے کی کوشش ناکام بنا کرگرفتار کیا۔علاوہ ازیں لاہور کی ضلع کچہری کی مقامی جوڈیشل عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے سابق شوہرخاور مانیکا کا ایک روزہ راہداری ریمانڈ منظور کر لیا۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ خاور مانیکا کو کل تک متعلقہ عدالت میں پیش کریں اینٹی کرپشن حکام نے سوموار کو خاور مانیکا جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا اور موقف اختیار کیا کہ خاور مانیکا کیخلاف سرکاری رقبہ پر ناجائز تعمیرات کا الزام عائد ہے انکے خلاف ڈپٹی کمشنر کے ریفرنس پر انکوائری کی جا رہی ہے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے اینٹی کرپشن حکام کی درخواست پر ایک دن کا راہداری ریمانڈ منظور کرتے ہوئے حکم دیا کہ خاور مانیکا کو کل تک متعلقہ عدالت میں پیش کیا جائے خاور مانیکا کوایف ائی اے نے لاہور ائیرپورٹ سے گرفتار کیا تھا۔بشریٰ بی بی کے سابق شوہر لاہور سے دبئی جا رہے تھے ایف ائی اے نے خاور مانیکا کو اینٹی کرپشن کے حوالے کیاخاور مانیکا کے خلاف اینٹی کرپشن میں مقدمہ درج ہے ۔ایف آئی اے حکام کے مطابق سٹاپ لسٹ میں نام ہونے کی وجہ سے انہیں روکا گیا۔