ڈینگی ،پنجاب میں155 نئے مریض،بنگلہ دیش میں اموات 900سے تجاوز کر گئےں
لاہور،ڈھاکہ( این این آئی +اے پی پی )24 گھنٹے کے دوران صوبے بھر میں 155 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔ سیکرٹری صحت علی جان خان کے مطابق رواں سال پنجاب کے 36 اضلاع میں ڈینگی کے 3677 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے۔راولپنڈی میں گزشتہ روز65، لاہور میں 63 ، ملتان میں 9 ،فیصل آباد میں 6 ،گوجرانوالہ اور اٹک میں4 ،4 شیخوپورہ میں 2،چکوال اور اوکاڑہ میں ڈینگی کا ایک ،ایک نیا مریض سامنے آیا۔ پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 135 مریض زیر علاج ہیں۔ بنگلہ دیش میں رواں سال اب تک ڈینگی بخار سے اموات 900سے تجاوز کر گئیں۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق بنگلہ دیش کی وزارت صحت کے تحت ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز ( ڈی جی ایچ ایس)کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ڈینگی بخار سے ستمبر کے دوران اب تک 316 اموات ہوئیں جس کے بعد رواں سال اب تک اموات کی مجموعی تعداد 909 ہوگئی ہے۔ ملک میں گزشتہ ماہ ڈینگی سے 342 اموات ہوئیں۔ ڈی جی ایچ ایس کے مطابق ستمبر کے دوران اب تک ڈینگی کے 63ہزار 917 کیس رپورٹ ہوئے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 3,008 ڈینگی کیسز اور 16اموات ریکارڈ کی گئیں۔