لیگی سیاست سے مطمئن نہیں‘ شاہد خاقان:نئی سیاسی جماعت کے قیام کا اشارہ
اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ ) مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے نئی سیاسی جماعت کے قیام کا اشارہ دےدیا۔نجی ٹی وی کو دیے انٹرویو میں شاہد خاقان عباسی نے کہا آج نئی جماعت کی ضرورت بھی ہے اور جگہ بھی۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) حکومت پر تنقید کرتے ہوئے شاہد خاقان نے کہا جنرل (ریٹائرڈ) باجوہ آپ کی حکومت میں رکاوٹ تھے تو حکومت چھوڑ دیتے، اس کے بعد بھی آپ کو 8 سے 9 مہینے ملے، کام کر لیتے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے تو اپنے دور میں ایک پیسے کا کام نہیں کیا، لیکن ہم نے کیا کام کیے؟ اس کی فہرست بھی چیک کر لیں، وہ فیصلے نظر نہیں آئے جو ہونے چاہیے تھے۔ سابق وزیراعظم نے کہا بندیال صاحب نے جاتے جاتے تحفہ دے دیا، نیب کو پرانی شکل میں بحال کر دیا، آپ کو روز بیٹھ کر معاملات کو دیکھنا ہوتا ہے، آج جمود، خوف ہے حکومت کے اندر لوگ فیصلے نہیں کرتے۔ شاہد خاقان نے کہا میں مسلم لیگ ن کی سیاست سے مطمئن نہیں ہوں، راستے کا تعین کریں پھر الیکشن میں جائیں ورنہ الیکشن انتشار کے علاوہ کچھ نہیں دےگا۔