کرپشن کیس: محمد خان بھٹی، ساتھی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 9 اکتوبر تک توسیع
لاہور (خبر نگار) لاہور کی احتساب عدالت نے ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ اربوں روپے کی کرپشن کے الزام میں درج مقدمے میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی اور ساتھی شریک ملزم سہیل اصغر کے جوڈیشل ریمانڈ میں 9 اکتوبر تک توسیع کرتے ہوئے دوبارہ جیل بھیج دیا۔ عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر ملزمان کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ احتساب عدالت کے جج نسیم ورک نے کیس کی سماعت کی۔ سوموار کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر ملزمان محمد خان بھٹی اور سہیل اصغر کو عدالت میں پیش کیا گیا اور ان کی حاضری لگائی گئی جس کے بعد عدالت نے سماعت 9 اکتوبر تک ملتوی کر دی اور ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی نو اکتوبر تک توسیع کرتے ہوئے دوبارہ جیل بھیج دیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر سے مکمل تفتیشی رپورٹ طلب کر لی۔