معمولی جھگڑا، دوست نے دوست کوقتل کردیا،فائرنگ،لڑائی 2 ہلاک،ایک زخمی
لاہور(نامہ نگار)نشتر کالونی کے علاقے میں فیروز پور روڈ پر عمران نامی نوجوان نے تلخ کلامی پر اپنے دوست انش کو چھری کے وار کر کے قتل کر دیا اور فرار ہو گیا۔اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر فرانزک ٹیم کی مدد سے شواہد اکٹھے کئے اور نعش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کردی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم عمران نے انش کو ایک تیسرے دوست الیاس سے دوستی کرنے سے منع کیا تھا،مگر انش نہ مانا۔جس پر عمران نے انش سے جھگڑا کیا اور طیش میں آکر چاقو کے وار سے انش کو قتل کیاہے۔دریں اثناءسمن آباد کے علاقے میں موٹرسائیکل سوار نوجوان طلحہ نے فائرنگ کر کے شہری ارباز کو موت کے گھاٹ اتار دیا اور فرار ہوگیا۔ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم طلحہ کو چند گھنٹوں میں گرفتار کر کے آلہ قتل پستول برآمد کر کے اس سے تفتیش شروع کردی ہے۔جبکہ نواب ٹاو¿ن کے علاقے میں معمولی تلخ کلامی پرمرتضیٰ اور عرفان نے شہری رحمت کو مکوں اور گھونسوں سے مارا۔ اس دوران رحمت کا بیٹا احمد بھی وہاں پہنچ گیا۔ ملزمان نے احمد کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔اس دوران رحمت کی حالت غیر ہوگی جبکہ احمد بھی زخمی ہوگی۔ دونوں باپ بیٹے کو طبی امداد کیلئے ہسپتال پہنچایا گیا،مگر رحمت جانبر نہ ہو سکا۔ پولیس نے مقتول رحمت کے بیٹے احمد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے اورفرار ہونے والے ملزمان مرتضی اور عرفان کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کردی ہے۔