سوتر منڈی فیصل آباد ٹیکسٹائل انڈسٹری کو دھاگہ فراہمی کا اہم مرکز ‘رپورٹ
مکوآنہ (این این آئی)فیصل آبادمیں گھنٹہ گھر کے قریب پاکستان کی سب سے بڑی سوتر منڈی واقع ہے، جسے ایشیا کی ’سب سے بڑی‘ سوتر منڈی بھی کہا جاتا ہے۔یہ سوتر منڈی ملک بھر کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو دھاگے کی فراہمی کا اہم مرکز ہے۔ یہاں فروخت ہونے والے دھاگے کی 60 فیصد کھپت لوکل سیکٹر یعنی پاور لومز، 20 فیصد ایکسپورٹ سیکٹر یعنی شٹل لیس لومز، دس فیصد ہوزری سیکٹر اور دس فیصد ہی دیگر سیکٹرز یعنی ویلوٹ، قالین، خیمے، کینوس اور کمبل وغیرہ بنانے میں استعمال ہوتی ہے۔یہاں اس کاروبار سے وابستہ ساڑھے پانچ سو دکاندار پاکستان یارن مرچنٹس ایسوسی ایشن کے رکن ہیں جن میں 85 فیصد ڈیلر، دس فیصد بروکر اور باقی سپننگ ملز کے نمائندے ہیں۔