القادر ٹرسٹ، توشہ خانہ کیس بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت(احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدالت نے القادرٹرسٹ اور توشہ خانہ کیس میں سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔سماعت کے دوران بشریٰ بی بی اپنے وکیل لطیف کھوسہ کے ہمراہ عدالت پیش ہوئیں، ڈپٹی پراسیکیوٹرجنرل نیب سردار مظفر عباسی نے کہاکہ بشریٰ بی بی کی ابھی گرفتاری ہمیں نہیں چاہیے، لطیف کھوسہ ایڈووکیٹ نے کہاکہ انہوں نے کہا ہے فی الحال ہمیں گرفتاری نہیں چاہیے،کل کو عدالت سے باہر نکلیں اور یہ کہہ کر گرفتار کرلیں کہ ہم نے تو فی الحال گرفتار نہ کرنے کا کہا تھا، نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ ابھی وارنٹ گرفتاری جاری نہیں کیے گئے۔عدالت نے بشری بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے دلائل طلب کرلیے کہ گرفتاری سے قبل بشری بی بی کو آگاہ کیا جاسکتا ہے یا نہیں، عدالت نے سماعت12 اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردی۔علاوہ ازیں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر عباس سپرا کی عدالت نے توشہ خانہ میں جعلی رسیدوں کے کیس میں بشری بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔بشری بی بی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے کہاکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بشری بی بی کی وائس میچنگ پر سٹے آرڈر جاری کیا ہے،جب تک معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیرالتوا ہے ڈسٹرکٹ کورٹ میں سماعت نہیں ہوسکتی،دوران سماعت عدالت کے جج نے پی ٹی آئی وکیل نعیم پنجوتھہ سے کہاکہ کیسے ہیں نعیم صاحب ؟آپ آج کل عدالتوں میں کم، اسکرین پر زیادہ نظر آتے ہیں،عدالت نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جاری سٹے کی روشنی میں سماعت 16 اکتوبر تک ملتوی کردی۔