• news

پنجاب کابینہ نے الیکٹرونک ووٹنگ مشین ختم کرنے کی منظوری دےدی‘ذرائع

لاہور(نوائے وقت رپورٹ) پنجاب کی نگران کابینہ نے الیکٹرونک ووٹنگ مشین ختم کرنے کی منظوری دےدی۔ ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے آرڈیننس کے ذریعے ووٹنگ مشین کو ختم کردیا۔ ووٹنگ مشین ختم کرنے کا آرڈیننس الیکشن کمشن کی سفارشات کی روشنی میں کیاگیا، آرڈیننس 3 ماہ تک نافذ رہے گا اور بعد میں 3 ماہ کی توسیع کابینہ کرے گی۔ نگران کابینہ کو بریفنگ میں بتایاگیا ووٹنگ مشین فی الحال قابل عمل منصوبہ نہیں، وقت کا ضیاع ہے، ووٹنگ مشین استعمال کرنے یا نہ کرنے کا استحقاق سیاسی حکومت کا ہے، ووٹنگ مشین کے استعمال سے الیکشن نتائج متنازع تصور ہوں گے۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14 گھنٹے تک ہے وہاں ووٹنگ مشین نہیں چل سکتی، ووٹنگ مشین کے استعمال کیلئے پورا نیٹ ورک استعمال ہوگا جو حکومت کے پاس نہیں، ووٹنگ مشین کے استعمال کیلئے پچھلی حکومت نے بجٹ میں رقم مختص نہیں کی۔

ای پیپر-دی نیشن