• news

لاہور سیالکوٹ موٹروے گوجرانوالہ کو لنک کرنے والے پراجیکٹ کا دورہ، محسن نقوی سے فنکاروں کی ملاقات

لاہور +گوجرانوالہ(نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے لاہور، سیالکوٹ موٹروے کے ساتھ گوجرانوالہ کو لنک کرنے کے پراجیکٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے عام ڈالے میں سفر کیا اور15.2کلومیٹر بے نظیر چوک سے واہنڈو تک پورے روٹ کا معائنہ کیا۔ 15.2کلو میٹر طویل لنک روڈ کا تقریباً 90 فیصد ارتھ ورک مکمل ہوچکا ہے اور سڑک کے مختلف مقامات پر پتھر ڈالنے کا کام جاری ہے جبکہ پلوں کی تعمیر اور سب ویز پر تیزی سے کام ہورہا ہے۔ لاہور سیالکوٹ موٹروے کو واہنڈو انٹرچینج سے بے نظیر چوک تک دو رویہ سڑک کے ذریعے گوجرانوالہ سے لنک کیا جائے گا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے منصوبے پر کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور ایف ڈبلیو او کے پراجیکٹ ڈائریکٹر اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔ منصوبے کی تکمیل سے گوجرانوالہ سے لاہور کا سفر 45 منٹ رہ جائے گا۔ محسن نقوی نے شاہدرہ فلائی اوورز پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ شاہدرہ فلائی اوورز پراجیکٹ کا تقریباً 88فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پراجیکٹ کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور پیشرفت کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب حکومت کی تمام سپورٹ آپ کے ساتھ ہے، منصوبے کو ہر صورت اگلے ماہ کے وسط میں مکمل ہونا چاہیے۔ بارشوں کے باعث ہونے والی تاخیر کا ازالہ اضافی وسائل لگا کر کیا جائے۔ نگران وزیراعلیٰ سے نیزہ بازی کے عالمی مقابلے میں سلور میڈل جیتنے والے کھلاڑی ارشد ندیم نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے ورلڈ اتھلیٹک نیزہ بازی چیمپئن شپ میں سلور میڈل لینے پر ارشد ندیم کو 30 لاکھ روپے کا چیک دیا۔ محسن نقوی سے فنکاروں کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے فنکاروں کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے یقین دہانی کرائی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ آرٹسٹ کی کوئی پنشن نہیں، بڑھاپے میں بھی وہ محنت کرتا ہے۔ پنجاب کابینہ نے فنکاروں، گلوکاروں، رائٹرز اور دیگر آرٹسٹس کے لئے 50کروڑ روپے کا انڈوومنٹ قائم کرنے کی منظوری دی ہے۔ پنجاب کابینہ کے منظور کردہ انڈوومنٹ فنڈ سے فن سے وابستہ تمام افراد مستفید ہوں گے۔محسن نقوی کی زیرصدارت پنجاب کابینہ کے26 ویں اجلاس میں 9 نکاتی ایجنڈے کی منظوری دی گئی۔ پنجاب پولیس ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس (اپوائنٹمنٹ بائی پرموشن) سروس رولز 2020ءمیں ترامیم اور پنجاب سپورٹس انڈومنٹ فنڈ مینجمنٹ کمیٹی کے قیام‘ ٹیکسلا میوزیم کی بحالی اور اپ گریڈیشن کے لئے جاپانی گرانٹ استعمال کرنے اور پنجاب پبلک سروس کمشن اور صوبائی محتسب کی سالانہ رپورٹس برائے 2022ءکی منظوری‘ کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانونی امور و نجکاری کے 6 ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ بہاولپور سے لودھراں تک سپیڈو بسوں کے آپریشن میں توسیع ‘ پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے ٹیکنیکل ممبر کی تقرری‘ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے ساتھ آئی سی ٹی بیسڈ سسٹم کے معاہدے کی تجدید‘ پنجاب وائلڈ لائف مینجمنٹ کمیٹی رولز 2023ءکی منظوری دی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن