• news

2دہشتگرد کمانڈروں سمیت 4ہلاک: پشاور، داعش کے 4سہولت کار گرفتار

راولپنڈی‘ پشاور (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) وادی تیراہ میں فورسز کے آپریشن کے دوران 3 دہشتگرد مارے گئے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردی کی متعدد وارداتوں میں مطلوب کمانڈر سمیع مارا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبر کے علاقے تیراہ میں 25سے 26ستمبر کی درمیانی شب دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فورسز کی فائرنگ کے نتیجے میں دہشتگرد کمانڈر کفایت عرف تور عدنان سمیت 3دہشتگرد مارے گئے۔ ہلاک دہشتگرد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف دہشتگردی کی کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دیگر دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ ڈی آئی خان کے علاقے کڑی ملنگ میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مشترکہ آپریشن کے دوران دہشت گردی کی درجنوں وارداتوں میں مطلوب کمانڈر سمیع اللہ مارا گیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مطابق آپریشن کے دوران کمانڈر کرامت دیگر ساتھیوں سمیت فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ ہلاک ملزم حالیہ دنوں میں کانسٹیبل نذر کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھا۔ علاقہ میں سرچ آپریشن اور مشتبہ ٹھکانوں پر چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ انسپکٹر جنرل خیبر پی کے اختر حیات گنڈا پور کی جانب سے چھاپہ مار ٹیم کے لئے تعریفی اسناد کا اعلان کیا گیا ہے۔ محکمہ انسداد دہشت گردی پشاور نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردی اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث کالعدم تنظیم داعش کے 4 سہولت کار گرفتار کر لئے۔ ترجمان کے مطابق بڈھ بیر سے گرفتار کئے گئے ملزموں میں محمد رحیم، صالح محمد، شاہد اور راز محمد شامل ہیں۔ ملزموں کا تعلق پڑوسی ملک افغانستان سے ہے۔ ملزم مذہبی شخصیات، مسیحی و سکھ براردی، اہل تشیع اور پولیس ملازموں کی ٹارگٹ کلنگ جیسی سنگین کارروائیوں میں سرگرم گروہ کیلئے سہولت کاری کرتے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن