خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کا دو روزہ پانچواں اجلاس
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی ایگزیکٹو کمیٹی کا دو روزہ پانچواں اجلاس شروع ہو گیا۔ اجلاس کا مقصد سرمایہ کاری کے ایکو سسٹم کو بہتر بنانا، میکرو اکنامک چیلنجز پر قابو پانا اور معاشی نمو کو تیز کرنے کے لئے اقدامات کا جائزہ لینا ہے۔ جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق اجلاس کی صدارت نگران وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات محمد سمیع سعید نے کی۔ اجلاس میں ایس آئی ایف سی کے نیشنل کوآرڈینیٹر اور وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر جہانزیب خان، متعلقہ وفاقی و صوبائی وزرائ اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔ متعلقہ وزارتوں نے مختصر، درمیانی اور طویل مدتی پالیسی سطح کے اقدامات سے متعلق مختلف پہلوﺅں پر ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ تفصیلی بحث کے بعد کمیٹی نے ملک میں سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور سٹیک ہولڈرز کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنے کے لئے قابل عمل اقدامات وضع کئے۔ فورم میں نئے منصوبوں کو شامل کرنے کے علاوہ چار اہم شعبوں (زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، معدنیات اور توانائی) سے متعلق مسائل کو حل کرنے کے منصوبوں کو بھی حتمی شکل دی گئی۔