شیخ رشید کی حراست کے خلاف درخواست کی سماعت 2 اکتوبر تک ملتوی
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس صداقت علی خان نے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی حراست کے خلاف دائر درخواست کی سماعت 2 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔ آر پی او راولپنڈی سید خرم علی عدالت عالیہ میں پیش ہوئے، عدالت عالیہ نے استفسار کیا کہ آر پی او صاحب بتائیں شیخ رشید سے متعلق کیا پیشرفت ہے۔ آر پی او راولپنڈی نے جواب دیا کہ شیخ رشید احمد ہمارے پاس نہیں اور جہاں سے انہیں گرفتار کیا گیا وہ بھی ہماری حدود نہیں۔ عدالت عالیہ نے استفسار کیا کہ کیا آپ لکھ کر دینے کو تیار ہیں کہ شیخ رشید احمد آپ کے پاس نہیں، اگر کل کو شیخ رشید راولپنڈی سے برآمد ہوا تو آپ کے خلاف کیس چلے گا۔ آر پی او راولپنڈی نے عدالت عالیہ سے درخواست کی کہ انہیں ایک ہفتے کا وقت دیا جائے۔ عدالت عالیہ نے قرار دیا کہ ایک ہفتے کے اندر شیخ رشید اور اس کے ساتھ گرفتار دو دیگر اشخاص سے متعلق عدالت کو آگاہ کریں۔ آر پی او صاحب امید ہے آپ شیخ رشید احمد سے متعلق کوئی اچھی پیشرفت سے عدالت کو آگاہ کرینگے۔ علاوہ ازیں جسٹس جواد حسن نے لال حویلی کیس کی سماعت کی۔ شیخ صدیق اور مسماة عابدہ شمیم کی طرف سے سردارعبدالرازق خان ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ عدالت عالیہ نے کچھ دیر سماعت کے بعد مقدمہ جسٹس وقاص رو¿ف مرزا کو بھیج دیا اور کہاکہ چونکہ پہلے مذکورہ جج صاحب اس معاملے کی سماعت کر چکے ہیں بہتر ہو گا وہی اس کی سماعت کریں۔