• news

4 ملزموں کی ضمانت خارج، صنم جاوید سمیت 8 کا 6 روزہ جوڈیشل ریمانڈ

 لاہور (خبر نگار) انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے صنم جاوید سمیت دیگر ملزموں کی ضمانتیں منظور کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ صنم جاوید سوشل ایکٹوسٹ ہے، ہو سکتا وہ احتجاج کو کور کرنے گئی ہو، صنم جاوید جب سے گرفتار ہیں وہ جیل میں ہیں۔ ملزموں سے متعلق کوئی خاص کردار منسوب نہیں کیا گیا۔ دہشت گردی قوانین کے مطابق چالان مخصوص وقت میں جمع ہونا چاہیے مگر مقدمے کا چالان جمع نہیں ہوسکا۔ صنم جاوید کا کردار شریک ملزمان سے مختلف ہے، یہ معاملہ مزید انکوئری کا مطالبہ کرتا ہے۔ عدالت ضمانت بعدازگرفتاری منظور کرنے کا حکم دیتی ہے، ملزمان میں صنم جاوید، شاہ بانو، افشاں طارق، روبینہ جمیل اور آشیما شجاع شامل ہیں۔ نو مئی کو مسلم لیگ ن ہاﺅس جلانے کے کیس میں چار ملزمان فرحان عزیز، زیدی گل، علی احمد اور علی سہیل کی ضمانتیں خارج کر دیں۔ پراسیکیوٹر نے موقف اپنایا کہ مقدمہ میں بغاوت سمیت دیگر نئی دفعات شامل ہو چکی ہیں، ملزمان کے خلاف جلاﺅ گھیراﺅ کے شواہد موجود ہیں، راحت بیکری چوک میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمات کے الزامات میں ملوث پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید سمیت 8 ملزمان کے کیس کی سماعت کی۔ عدالت نے پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید سمیت 8 ملزمان کو نئے مقدمات میں شناخت پریڈ کیلئے جیل بھجوا دیا۔ عدالت نے صنم جاوید سمیت دیگر کا شناخت پریڈ کیلئے چھ روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور کر لیا۔ پولیس کی جانب سے ملزمان کی نئے مقدمات میں جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔ انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے نیشنل پارک گلبرگ کے سامنے کنٹینر جلانے اور پولیس پر پٹرول بم پھینکنے کے کیس میں عدالت نے پی ٹی آئی رہنما میاں محمود الرشید کے جوڈیشل ریمانڈ میں 10 اکتوبر تک توسیع کر دی۔ گرفتار پی ٹی آئی رہنما یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید کی ضمانت کی درخواستوں پر وکلاءسے 30 ستمبر کودلائل طلب کر لئے۔ عدم پیروی پر احسن مسعود بھٹی کی عبوری ضمانت خارج کر دی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن