نگران وزیراعظم کی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کی دعوت
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے برطانیہ کے معروف تاجر اور بوہو گروپ کے بانی اور ایگزیکٹو چیئرمین عبداللہ کمانی نے لندن میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران عبداللہ کمانی نے پاکستان کے ساتھ طویل المدتی تجارتی تعلقات قائم کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور ملک میں کپاس سے ملبوسات کی پیداوار تک کی ایک جامع سپلائی چین بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سرمایہ کاری کو آسان بنانے کیلئے پاکستان کے عزم سے آگاہ کیا اور ملک میں خصوصی اقتصادی زونز کے اندر مینوفیکچرنگ سہولیات کے قیام میں تعاون کی پیشکش کی۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔
اس وقت ملک کی اقتصادی صورتحال انتہائی سنگین ہے‘ کاروباری مندا عروج پر ہے جبکہ بجلی‘ گیس اور پٹرول مہنگے ہونے کی وجہ سے صنعتی پہیہ بھی جامد پڑا ہے‘ تاجر برادری مایوس ہو کر ذہنی اذیت کا شکار ہے‘ کئی تاجر حالات سے تنگ آکر ملک سے نقل مکانی کر چکے ہیں‘ روزگار نہ ہونے اور حالات کی گھٹن کی وجہ سے نوجوان پڑھا لکھا طبقہ سخت مایوس ہے۔ کاروباری سہولیات میسر نہیں‘ بجلی گیس اس قدر مہنگی کردی گئی ہے کہ آجر کی پیداواری لاگت بھی پوری نہیں ہو پا رہی۔ ایسے میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے کس طرح آمادہ کیا جا سکتا ہے۔ جب تک ملک کی تاجر برادری سہولیات سے مطمئن نہیں ہوتی‘ اسے سستی بجلی‘ گیس اور دوسری بنیادی سہولیات میسر نہیں آتیں‘ غیرملکی سرمایہ کار کو سرمایہ کاری کیلئے آمادہ نہیں کیا جا سکتا۔ حالات کا تقاضا یہی ہے کہ ملک میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری لائی جائے تاکہ معیشت کو اپنے پیروں پر کھڑا کیا جا سکے۔ اس کیلئے ضروری ہے کہ ملک میں امن و امان کے ساتھ ساتھ اقتصادی اور سیاسی حالات اطمینان بخش ہوں اور سرمایہ کاری کی بہترین سہولیات پرکشش ہوں‘ تب ہی غیرملکی اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو یہاں سرمایہ کاری کیلئے آمادہ کیا جا سکتا ہے۔