ترقی و استحکام کیلئے باہمی تعاون بڑھان ہوگا، ریاستی ادارے عوام کے تحفظ کی خاطر متحد: آرمی چیف
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ ملکی ترقی، استحکام اور قیام امن کےلئے باہمی تعاون بہت ضروری ہے۔ پاک کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر (نشان امتیاز ملٹری) نے پشاور کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دورہ پشاور کے دوران خواتین کے سمپوزیم اور صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔ آرمی چیف کا سمپوزیم میں خواتین سے بھی خطاب کیا۔ آرمی چیف نے صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں بھی شرکت کی جس میں نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان بھی شریک ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سمپوزیم میں خواتین سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں خواتین نے ملکی ترقی میں مثبت اور اہم کردار ادا کیا ہے۔ ملکی ترقی میں خواتین کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ خیبرپی کے کی خواتین نے دہشتگردی کے خلاف طویل جنگ کے باعث بے شمار چیلنجز کا سامنا کیا ہے۔ خیبر پی کے کی خواتین نے ان تمام تر چیلنجز کے باوجود پختہ عزم اور بہادری کا ثبوت دیا ہے۔ آرمی چیف نے خواتین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ خیبرپی کے اور نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں تاکہ اس تبدیلی کاپورا پورا فائدہ اٹھایا جاسکے۔ دریں اثناء ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے دوران، آرمی چیف کوسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی اور منشیات کی سمگلنگ کے خلاف اقدامات سمیت مجموعی سکیورٹی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ صوبائی ایپکس کمیٹی کے شرکا ءنے اس بات کا اعادہ کیا کہ ریاستی ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے متحد ہیں۔ اجلاس کے شرکاءنے شہداءکو بھی زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک کی ترقی و استحکام اور امن کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو بڑھانا ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ ملک کے امن اور خوشحالی کے لیے اپنی کوششوں کو ہم آہنگ کرنا ہوگا۔ آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج خیبرپختونخوا کی ترقی اور استحکام کو یقینی بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے گی تاکہ معاشی ترقی کی رفتار کو بڑھایا جاسکے۔ قبل ازیں آرمی چیف کی پشاور آمد پر کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔