لوگ نواز شریف کے استقبال کیلئے پرجوش ہیں: حمزہ شہباز
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) سابق وزیراعلی حمزہ شہباز شریف کی زیرصدرات نواز شریف کی 21 اکتوبر وطن واپسی پر استقبال کیلئے جائزہ اجلاس ہوا۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ لوگ اپنے محبوب قائد کے استقبال کے لئے پرجوش ہیں اور اس سلسلے میں وہ خود بھی ورکرز کو گراس روٹ لیول تک جا کر تحریک دیں گے۔ لاہور کے ایم این ایز اور ایم پی ایز کے ساتھ جائزہ اجلاس میں حمزہ شہباز شریف کی زیرصدارت تمام تیاریوں کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔حمزہ شہباز سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما سید حشمت علی شاہ نے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں پارٹی قائد نواز شریف کی وطن واپسی کے موقع پر استقبال کی تیاریوں کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ عوام وطن واپسی پر اپنے محبوب لیڈر نواز شریف کا فقید المثال استقبال کر کے نئی تاریخ رقم کریں گے۔