جناح ہا¶س حملہ‘ طیبہ عنبرین سمیت گیارہ ملزموں کی درخواست ضمانت خارج
لاہور (خبر نگار) انسداد دہشت گردی عدالت کے جج محمد ارشد جاوید نے جناح ہاﺅس حملہ اور جلاﺅ گھیراﺅ کیس میں بغاوت سمیت دیگر نئی دفعات شامل ہو نے پر طیبہ عنبرین سمیت 11 ملزموں کی درخواست ضمانت خارج کر دی۔ عدالت نے ڈاکٹر سرمد اور محمد اقبال کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔ علاوہ ازیں جلاﺅ گھیراﺅ کے مقدمے میں بغاوت، جنگ چھیڑنے کی دفعات شامل ہونے کے بعد اعجاز چوہدری کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سلطان تنویر نے پولیس کو پی ٹی آئی کارکن اظہر مشوانی کے بھائی پروفیسر ظہور الحسن کو دو ہفتوں کے اندر بازیاب کروا کر عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ایس پی آپریشن اقبال ٹاﺅن کو طلب کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر مثبت جواب نہ دیا تو آئندہ سماعت پر آئی جی پنجاب کو طلب کر لوں گا۔