حکومت اقتصادی و سماجی چیلنجوں پر قابو پانے کیلئے پرعزم : شمشاد اختر
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) نگران وفاقی وزیر خزانہ و محصولات ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا ہے کہ حکومت جامع و پائیدار اقتصادی نمو، غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ اور ملک کو درپیش اقتصادی و سماجی چیلنجوں پر قابو پانے میں پرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بات یہاں بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاﺅنڈیشن کے پاکستان میں سربراہ سید علی محمود اور کارانداز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وقاص الحسن کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس ملاقات کا مقصد بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاﺅنڈیشن کے تعاون سے فوری ادائیگیوں کے نظام راست پر پیشرفت، مربوط سماجی تحفظ کے پروگرام اور ڈیجیٹل پاکستان کے حوالے سے امور کا جائزہ لینا تھا۔ اس کے علاوہ ماحولیاتی موزونیت سے متعلق مالیات اور مربوط سماجی تحفظ کے پروگرام کیلئے کنڈیشنل کیش ٹرانسفر سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔