مارپول سمندری آلودگی کیخلاف اجتماعی کوششوں کی علامت: نیول چیف
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا ہے کہ سمندرکی حفاظت، سلامتی اور ماحولیاتی تحفظ کی یاد دہانی کے لیے میری ٹائم کا عالمی دن ہر سال منایا جاتا ہے جو اقوام پر پائیدار بحری طریقوں کے لیے مل کر کام کرنے پر زور دیتا ہے۔ میری ٹائم کے عالمی دن کے موقع پر چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اپنے پیغام میں کہا کہ انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے زیراہتمام رواں برس اس دن کو خاص اہمیت حاصل ہے کیونکہ ہم جہازوں سے پھیلنے والی آلودگی کی روک تھام کے لیے بین الاقوامی کنونشن مارپول (MARPOL) کی پچاسویں سالگرہ منارہے ہیں۔ رواں برس اس دن کا موضوع 'مارپول کے پچاس سال، ہمارا عزم جاری ہے' رکھا گیا ہے۔ مارپول کی تاریخ پانچ دہائیوں پر محیط ہے جو سمندری آلودگی کے خلاف ہماری اجتماعی کوششوں کی علامت ہے اور اس فرض پر زور دیتی ہے کہ ہم سب کرہ ارض کی حفاظت کریں۔ مارپول کے اصولوں سے ہم آہنگ رہتے ہوئے پاک بحریہ نے بحری جہازوں سے زہریلے دھویں کے اخراج کو کم کرنے، توانائی کی کارکردگی کو بڑھانے اور آلودگی سے بچاو¿ کی حکمت عملیوں کو نافذ کرنے کے لیے سنجیدگی سے اقدامات کیے ہیں۔