ججز کو کرسی پر بیٹھ کر اللہ کا خوف پیدا کرنا ہوگا: چیف جسٹس ہائیکورٹ
لاہور(خبرنگار) پنجاب کی عدلیہ میں نئے بھرتی ہونے والے20 ایڈیشنل سیشن ججوں اور 26 سول ججوں نے پری سروس ٹریننگ کورس مکمل کرلیا،پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں کورس مکمل ہونے پر اختتامی تقریب ہوئی، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ امیر بھٹی نے خطاب میں کہا کہ نئے آنے والے ججوں کو دیکھ کر خوشی ہوئی،نظام عدل کی کرسی بہت پاک صاف ہے،اس کرسی پربیٹھ کر اپنے اندر ججز کو اللہ کاخوف پیدا کرنا ہوگا،اس کرسی پر بیٹھ کرججز لوگوں کوانصاف دیں اور ان کی مشکلات کاحل دیں،ضلعی عدلیہ کے ججوںکو جرات سے اپنے فیصلے کرناہوں گے،انصاف اللہ کی صفت ہے اور اس امانت میں کبھی بھی رتی برابر خیانت نہیں ہونی چاہیے،ججز کسی دباﺅ کے بغیر اور بلارکاوٹ فیصلے دیں،آپ کی قابلیت آپ کے فیصلوں سے دکھائی دینی چاہیے،ججوں کایہ کہنا کہ اس تنخواہ میں گزارا نہیں ہوتایاجوسہولیات میسر ہیں کم ہیں زیب نہیں دیتا ،بہت سارے راستے آپ کو ناہموار ملیں گے مگر کبھی اس سے گھبرانا نہیں،جج انصاف کو بلند رکھیں گے تو کبھی بھی مشکلات نہیں آئیں گی،تقریب کے اختتام پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے تربیتی کورس مکمل کرنے والے ججز میں اسناد بھی تقسیم کیں۔