• news

فرخ حبیب گوادر سے گرفتار، یاسمین راشد، خدیجہ شاہ، عمر سرفراز چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع

گوادر‘ لاہور (نوائے وقت رپورٹ‘ خبر نگار) تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب کو گوادر سے گرفتار کر لیا گیا۔ فرخ حبیب‘ ان کے بھائی اور 4 ساتھیوں کو گوادر میں ایک گھر سے گرفتار کیا گیا۔ فرخ حبیب کے بھائی نے ان کی بازیابی کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور چودھری نے پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کی بازیابی کیلئے دائر درخواست پر ہائیکورٹ آفس کا اعتراض ختم کر دیا۔ آفس نے آئی جی بلوچستان کو فریق بنانے پر اعتراض عائد کیا تھا۔ عدالت نے درخواست سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم دیا ہے۔ دریں اثنا نو مئی جلاﺅ گھیراﺅ کے مقدمات میں خدیجہ شاہ نے ضمانت پر رہائی کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔ علاوہ ازیں انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے سابق ایم پی اے کے ڈیرے پر چھاپے کے دوران پولیس پارٹی پر حملہ کیس میں شبیر گجر کے 2 بھائیوں کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ دریں اثنا 9 مئی جلاﺅ گھیراﺅ کیس میں ڈاکٹر یاسمین راشد‘ خدیجہ شاہ‘ عمر سرفراز چمہ سمیت دیگر ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 12 اکتوبر تک توسیع کردی۔

ای پیپر-دی نیشن