بہتر کارکردگی کیلئے چین سے ڈرون ٹیکنالوجی لیں گے: آئی جی
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس کے سینئر افسران کے ہمراہ چین کے ووزی پولیس ٹریننگ کالج کا دورہ کیا اور چینی پولیس ٹریننگ کالج کے سینئر افسران اور انسٹرکٹرز سے اہم ملاقات کی۔ دوران ملاقات پنجاب پولیس افسران کی پیشہ ورانہ تربیت، دو طرفہ تعاون کو وسعت دینے اور جدید ڈرون ٹیکنالوجی کی ٹریننگ کی فراہمی بارے اہم فیصلے کئے گئے۔عثمان انورنے کہاکہ پنجاب پولیس اے ایس پیز کو آپریشنل و انویسٹی گیشن ٹریننگ کےلئے چین کے پولیس ٹریننگ کالج بھیجے گی جس سے انہیں پولیسنگ کے جدید طریقہ کار، نئی ٹیکنالوجی کے موثر استعمال اور سروس ڈلیوری میں مزید بہتری بارے آگاہی حاصل ہوگی۔ پنجاب پولیس کو جدید ڈرون ٹیکنالوجی کی فراہمی میں چینی پویس کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی خوش آئند ہے۔ ڈرون ٹیکنالوجی سے پنجاب پولیس کی آپریشنل، تفتیشی، سرویلنس صلاحیتوں میں بہتری آئےگی۔ ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال دشوار گزار اور گنجان علاقوں میں کریمینلز کےخلاف کاروائی میں مدد دےگا،خفیہ ٹھکانوں کی نگرانی، آپریشنل حکمت عملی کی تیاری اور کاروائیوں میں یہ ٹیکنالوجی کا خصوصی سہولت کی باعث بنے گی۔ جدید چینی ڈرون ٹیکنالوجی اور ٹریننگ موثر پولیسنگ کی طرف اہم سنگ میل ثابت ہوگی اور اسے ہجوم کنٹرول، ویپن ہینڈلنگ، چہرہ شناخت سسٹم سے ملزمان گرفتاری،کچہ کے علاقہ میں شرپسندوں کے خلاف استعمال میں لائی جائےگی۔ ڈرون ٹیکنالوجی سے پولیس کے ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشنز میں بھی خاطر خواہ بہتری آئےگی۔