پٹرول 8، ڈیزل 11روپے لٹر سستا
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی،نوائے وقت رپورٹ ) نگران حکومت نے پہلی بار پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کردیا۔پٹرول کی قیمت میں آٹھ روپے فی لٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 11روپے فی لٹرکی کمی کی گئی ۔پٹرول کی نئی قیمت 323روپے 38 پیسے فی لٹرمقرر کی گئی جبکہ ڈیزل کی نئی فی لیٹر قیمت 318 روپے 18 پیسے مقرر کی گئی۔ نئی قیمتوں کا اطلاق کر دیا گیا۔پٹرول اور ڈیزل پر پٹرولیم لیوی برقرار رکھی گئی، پٹرول پر لیوی60اور ڈیزل پر 50روپے فی لٹر برقرار رکھی گئی ہےعلاوہ ازیں اوگرا نے ایل پی جی 20 روپے 86 پیسے فی کلو مہنگی کر دی۔ اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ۔ جس کے مطابق ایل پی جی کی نئی قیمت 260 روپے 98 پیسے فی کلو مقرر کردی گئی ہے۔ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 246 روپے 15 پیسے مہنگا کر دیا گیا۔ ایل پی جی کے 11.8 کلو گرام گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت تین ہزار 99 روپے مقرر کی گئی ہے۔ ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں اضافے کا اطلاق آج یکم اکتوبر سے ہو گیا ہے۔