عید میلاد النبی عقیدت و احترام سے منائی گئی
لاہور ( این این آئی) رحمت دو عالم، حضور پرنور، حضرت محمد مصطفیﷺ کی ولادت باسعادت کا دن، ملک بھر میں عید میلاد النبیؓ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔مقدس دن کے موقع پر مساجد، گھروں، گلیوں، شاہراہوں اور بازاروں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا، رنگ برنگی روشنیوں سے سجی عمارتیں دلکش منظر پیش کرتی رہیں، مختلف علاقوں کو نعلین مبارک اور سبز پرچموں سے سجایا گیا۔ملک کے ہر کونے میں فضا معطر رہی اور سب نے اپنے اپنے انداز میں خاتم النبین، رحم اللعالمین، وجہ تخلیقِ دو جہاں، پیغمبرِ اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے عقیدت و محبت کا اظہار کیا۔آقائے دو جہاں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیﷺ کے جشن ولادت کے روز صبح بہاراں ا آغاز بارگاہ رسالت ؓ میں ہدیہ درود و سلام اور اجتماعی دعاﺅں سے ہوا جس میں ملک کی سلامتی و خوشحالی کے لئے دعائیں مانگی گئیں۔دن کے آغاز پر پاک فوج کی جانب سے وفاقی دارالحکومت میں 31جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی اس کے علاوہ ولادت النبی ﷺ کے حوالے سے ملک بھر میں جلوس و ریلیاں بھی نکالی گئیں۔