سانحہ جڑانوالہ کی جے آئی ٹی نہیں بنے گی، ڈیوٹی پوری نہ کرنے والے ملازم کی کمائی حرام : محسن نقوی
لاہور + شیخوپورہ (نوائے وقت رپورٹ + نمائندہ خصوصی) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے 12 ربیع الاول کو پنجاب کابینہ کے ساتھ نواز شریف انٹر چینج بیدیاں روڈ انڈرپاس پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ پراجیکٹ کے تعمیراتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ بیدیاں روڈ، نواز شریف انٹرچینج پر انڈرپاس کی تعمیر سے یومیہ ایک لاکھ 20 ہزار گاڑیاں مستفید ہونگی۔ محسن نقوی نے کہا کہ مزید بارش کی وجہ سے تاخیر نہ ہوئی تو نواز شریف انٹرچینج کو 17اکتوبر تک ٹریفک کیلئے کھول دیں گے۔ گھوڑا چوک فلائی اوور اور خالد بٹ چوک انڈر پاس پراجیکٹس پر دن رات کام ہو رہا ہے۔ جلد مکمل کر لئے جائیں گے۔ دہشت گردی کے خدشے کی وجہ سے مشکوک لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ تیل کی قیمتیں زیادہ بڑھی ہیں، لیکن ہم نے پبلک ٹرانسپورٹ کے کرائے نہیں بڑھائے۔ میٹروبس سروس اوراورنج لائن میٹرو ٹرین کا کرایہ پرانا چل رہا ہے، وزیراعلیٰ نے صوبائی کابینہ کے ہمراہ سروسز ہسپتال کا دورہ کیا اور سروسز ہسپتال میں بنائے ماڈل وارڈ اور ماڈل روم کا معائنہ کیا۔ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ پنجاب کابینہ کا متفقہ فیصلہ ہے کہ سانحہ جڑانوالہ پر جے آئی ٹی نہیں بنائی جائے گی۔ کابینہ اجلاس میں لاہور میں تحصیلوں کی تعداد 9تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ لاہور میں دو ڈپٹی کمشنرز ہونے چاہئیں یا نہیں، اس بات کا تعین کرنے کیلئے کمیٹی بنا دی گئی ہے۔ انجکشن سکینڈل پرائیویٹ ہسپتالوں میں پیش آیا اور اس میں پرائیویٹ لوگ شامل ہیں۔ جیسے ہی انجکشن سکینڈل کے بار ے میں معلوم ہوا فوری کارروائی شروع کر کے ملزمان کو گرفتار کیا۔ علاوہ ازیں محسن نقوی نے کہا ہے کہ نبی پاک نے حرام کی کمائی سے منع فرمایا ہے، ہم سب کو حرام کی کمائی سے بچنا ہے اور صاف زندگی گزارنی ہے۔ سرکاری ملازمین اگر ڈیوٹی پوری نہیں کرتے تو یہ بھی حرام ہے۔ وقت پر ڈیوٹی دیں اور اپنی زندگی میں حرام نہ لائیں۔ ڈاکٹرز، اساتذہ اور دیگر ملازمین ڈیوٹی اوقات پوری کر کے حلال کی روزی کمائیں۔ اگر ڈاکٹر یا استاد اپنے ڈیوٹی اوقات مکمل نہیں کرتا تو یہ کمائی حرام کی کمائی ہے۔ حرام کمائی کی نہ دین اجازت دیتا ہے اور نہ ہی حکومت۔ جو وسائل موجود ہیں ان میں رہتے ہوئے اساتذہ اپنا کردار ادا کریں اور طلبہ کو اچھی تعلیم دیں تو یہ معاشرہ بہتر ہو جائے گا۔ اگر کوئی کہے کہ پاکستان ختم ہو رہا ہے تو ان باتوں پر کان نہ دھریں، پاکستان27رمضان المبارک کو وجود میں آیا۔ پاکستان کا مستقبل بہت روشن ہے اور اس نے بہت آگے جانا ہے۔ ہم سب نے اپنا حصہ ڈال کر اس ملک کو آگے لے جانا ہے۔ وہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کے زیراہتمام الحمراءہال میں عید میلاد النبی کے سلسلے میں مقابلہ نعت خوانی میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباءو طالبات میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ محسن نقوی نے تھانہ فیکٹری ایریا شیخوپورہ اور تھانہ شفیق آباد بند روڈ کا معائنہ کیا۔ تھانہ فیکٹری ایریا شیخوپورہ میں موبائل چوری و ڈکیتی کی درخواستوں پر24 گھنٹے میں ایف آئی آر کا اندراج نہ ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور ایس ایچ او کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کاحکم دیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے دونوں تھانوں میں فرنٹ ڈیسک پر شہریوں کی درخواستوں پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ سود کی رقم واپس نہ کرنے اور چیک باﺅنس کیس کا تھانہ شفیق آباد کی حوالات میں بند ایک ملزم اپنی داستان سناتے رو پڑا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے دلاسہ دیا اور انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی اور ملزم کے ذمہ واجب الااد رقم ادا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ہدایت کی کہ رہائی کے لیے تمام قانونی کارروائی پوری کی جائے۔ وزیراعلی نے سود کا کاروبار کرنے والے عناصر کے خلاف کریک ڈاو¿ن کا حکم دیا۔ محسن نقوی نے عید میلاد النبی کے موقع پر مال روڈ مسجد شہداءکے قریب ربیع الاول کے حوالے سے رکھے گئے ماڈلز کی نمائش کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے مستونگ میں دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور دھماکے میں ڈی ایس پی سمیت قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ محسن نقوی داتا دربار میں بین الاقوامی میلادِ مصطفیٰ کانفرنس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔کانفرنس میں مصر، ترکی، تنزانیہ اور دیگر ممالک کے علماءاور قراءبھی شریک ہوئے۔ محسن نقوی نے حضرت داتا گنج بخش علی بن عثمان الہجویریؒ کے مزار پر حاضری بھی دی اور مزار پر چادرپوشی کی اور پھول چڑھائے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ملک کی سلامتی، استحکام، امن، عوام کی ترقی وخوشحالی اور شہداءوطن کے درجات کی بلندی کے لئے بھی دعا کی۔ قبل ازیں محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے ہنگامی اجلاس میں سانحہ جڑانوالہ کی انکوائری رپورٹ پیش کی گئی۔ سانحہ جڑانوالہ کی انکوائری رپورٹ آنے کے بعد پنجاب کابینہ نے واقعہ پر جے آئی ٹی تشکیل دینے کا فیصلہ واپس لے لیا۔ پنجاب کابینہ کے اجلاس میں لاہور میں مزید تحصیلیں بنانے کی منظوری دی گئی۔ نئی تحصیلیں بننے سے لاہور میں مجموعی طور پر تحصیلوں کی تعداد 9 ہو جائے گی۔ اجلاس میں لاہورکی انتظامی لحاظ سے تقسیم کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی۔نگران وزیراعلیٰ سندھ مقبول باقر سے نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کراچی میں ملاقات کی۔ جس میں کچے میں آپریشن، گندم کی نئی قیمت اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرائے اعلیٰ نے کچے میں بیک وقت آپریشن‘ گندم کی نئی قیمت باہمی مشاورت سے مقرر کرنے پربھی اتفاق کیا گیا۔