• news

مستونگ‘ ہنگو خودکش دھماکے‘ سعودیہ‘ مصر‘ کویت‘ ایران‘ امریکہ سمیت کئی ملکوں کی مذمت

قاہرہ/واشنگٹن/ریاض/ تہران (این این آئی) سعودی عرب، مصر، کویت‘ ایران اور امریکہ سمیت کئی ممالک نے بلوچستان کے ضلع مستونگ اور خیبر پی کے کے ضلع ہنگو کے علاقے دوآبہ میں کیے گئے خودکش حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ نے متاثرہ پاکستانی خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پی کے میں دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام شہری بلاخوف وخطر اپنے عقیدوں پر عمل کے مستحق ہیں۔ اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ سعودی عرب نے دہشت گرد حملوں کے خلاف مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے پر پاکستان اور اس کے برادر عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ کویت کی وزارت خارجہ کے بیان میں پاکستان میں دہشت گرد حملوں میں جانی و مالی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ کویت بے گناہ لوگوں کے خلاف تشدد کی سخت مذمت کرتا ہے۔ مصر کی وزارت خارجہ نے بھی اپنے ایک بیان میں پاکستان میں عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر دہشت گرد حملوں پر اظہار افسوس کرتے ہوئے غم زدہ خاندانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ہفتہ کو تہران سے جاری اپنے پیغام میں ایرانی صدر نے پاکستان میں دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے مزید کہا کہ دہشت گردوں کا مقصد مسلمانوں میں تفریق پیدا کرنا ہے۔ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کے نام اپنے پیغام میں ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے حکومت اور پاکستانی عوام سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مستونگ دھماکے میں معصوم لوگ شہید اور زخمی ہوئے۔ دہشت گردی اور انتہا پسندی سے لڑنے کے لیے پاکستان سے تعاون کو تیار ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن