ریلوے کی بوگیاں چوری ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا: ترجمان ریلوے
لاہور(نیوز رپورٹر)ترجمان ریلوے نے کہا ہے کہ ریلوے کی بوگیاں چوری ہونے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ریلوے کی ایسی بوگیاں جن پر زنگ کی وجہ سے نمبر مٹ چکے ہوں کو سکریپ کی صورت میں فروخت نہیں کیا جا سکتا۔ 2017 میں کراچی یارڈ میں 542 ویگنوں کا ٹینڈر جاری کیا گیا جن میں سے 521 ویگنیں سب سے زیادہ بولی دینے والی فرم کو فروخت کر دی گئیں۔ باقی 21 ویگنوں کو نمبر مٹ جانے کے سبب فرم کے حوالے نہیں کیا گیا۔ واضح رہے کہ بغیر نمبر کے ویگن فروخت کرنا غیر قانونی ہے اور ایسا کرنے پر آڈٹ کا اعتراض آ جاتا ہے۔ ترجمان ریلوے نے واضح کیا کہ 21 ویگنیں یارڈ ہی میں رکھ لی گئیں جس پر اس وقت بولی دینے والی فرم کو بھی کوئی اعتراض نہ تھا۔