پی آئی اے طیارے کوجدہ سے لاہور روانگی کے وقت آگ لگ گئی ‘ گوجرانوالہ کا نوجوان ہوٹل میں جاں بحق
راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)قومی ایئر لائن پی آئی اے کے طیارے کوگزشتہ روز جدہ سے لاہور کی پرواز پی کے 760 کو روانگی کے وقت اے پی یونٹ میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا، جس کے بعد پرواز کی روانگی منسوخ کرتے ہوئے 275 مسافروں کو ہوٹل منتقل کیا گیا ،گوجرانوالہ کا رہائشی 31 سالہ نوجوان ذکی احمد بھی دیگر مسافروں کے ہمراہ ہوٹل میں مقیم تھا کہ اچانک اسے دل کا دورہ پڑ گیا جو کہ جان لیوا ثابت ہوا،ساتھی مسافروں کے مطابق پولیس نے عازمین عمرہ نوجوان کی میت کو ضابطے کی کارروائی کیلئے اپنی تحویل میں لے لیا ،ترجمان پی آئی اے نے نوجوان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ میت جدہ کے مقامی اسپتال کے سرد خانے منتقل کردی گئی ہے، پوسٹ مارٹم اور ضروری کارروائی کے بعد گوجرانوالہ کے نوجوان کی میت پاکستانی قونصل خانے کے حوالے کی جائے گی، تین روز میں ضابطے کی کارروائی کی تکمیل پر نوجوان کی میت وطن واپس روانہ کی جائے گی۔