مستونگ‘ ہنگو کے اندوہناک واقعات کی شفاف تحقیقات کی جائے: سراج الحق
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ بدامنی اور مہنگائی ملک کے سلگتے ہوئے مسائل، براہ راست ذمہ دار ماضی کی حکومتیں ہیں۔ خیبر پختونخواہ میں دہشت گردی کی نئی لہر سے صوبہ کا ہر شخص بری طرح متاثر، بلوچستان جل رہا ہے، اندرون سندھ اور پنجاب کے کچے کے علاقوں میں ڈاکو راج، بڑے شہروں میں سٹریٹ کرائمز، ڈکیتی کی وارداتوں نے شہریوں کی زندگی جہنم بنا دی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں ہنگو بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مستونگ اور ہنگو میں جمعہ کو ہونے والے دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اندوہناک واقعات کی شفاف تحقیقات کر کے ذمہ داران کی گرفتاری اور سخت سزا کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے شہداءکی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شہداءکے وارثین اور زخمیوں کو فوری مالی امداد جاری کرے۔ امیر جماعت نے ملک میں مجموعی امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکمرانوں کو ان کی آئینی ذمہ داری یاد دلائی اورکہا کہ امن کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ حکومت اور سکیورٹی ادارے عوام کو تحفظ دیں۔