پیرس اولمپکس،اتھلیٹس ولیج میں حجاب پر کوئی پابندی نہیں ہو گی: آئی او سی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے کہا ہے کہ پیرس 2024 کے اولمپک گیمز کے اتھلیٹس ولیج میں اتھلیٹس کسی پابندی کے بغیر حجاب پہن سکیں گے۔چنددن قبل فرانس کے وزیر کھیل نے کہا تھا کہ پیرس اولمپکس پر فرانسیسی اتھلیٹس کے حجاب پہننے پر پابندی ہوگی۔انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے کہا کہ ہمیں فرانس کی صورتحال کو بہتر طور پر سمجھنے کی ضرورت ہے اور ہم اس سلسلے میں فرانسیسی اولمپکس کمیٹی کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ترجمان آئی او سی نے کہاکہ اولمپک ولیج میں آئی او سی کے قوانین لاگو ہوتے ہیں لہٰذا حجاب یا کوئی اور مذہبی یا ثقافتی لباس پہننے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔اولمپک گیمز میں شرکت کرنے والے تقریباً 10ہزار اتھلیٹس میں سے اکثر اولمپک ولیج کے اپارٹمنٹس میں رہتے ہیں اور ڈائننگ ہالز اور تفریحی مقامات سمیت کئی جگہوں کو ایک ساتھ بانٹتے ہیں۔ جب مقابلوں کی بات آتی ہے تو متعلقہ بین الاقوامی فیڈریشن کے مقرر کردہ ضوابط لاگو ہوتے ہیں۔اولمپکس میں کھیلوں کے مقابلوں کا اہتمام اور نگرانی انفرادی بین الاقوامی کھیلوں کی فیڈریشنز کرتی ہیں،پیرس گیمز کے پروگرام میں 32 کھیل شامل ہیں۔ فرانسیسی ضابطے کا تعلق صرف فرانسیسی ٹیم کے ارکان سے ہے، اس لیے ہم فرانسیسی کھلاڑیوں کے حوالے سے صورتحال کو مزید سمجھنے کےلئے فرنچ اولمپک کمیٹی کےساتھ رابطے میں ہیں۔پیرس آئندہ سال 26 جولائی سے 11 اگست تک اولمپکس کی میزبانی کرےگا۔