رواں سال بحیرہ روم میں0 2500 تارکین وطن ہلاک ہو ئے،اقوام متحدہ
نیویارک(این این آئی)اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کے ایک اہلکار نے بتایاہے کہ سال کے آغاز سے اب تک 2500 سے زائد تارکین وطن بحیرہ روم کو عبور کر کے یورپ جانے کی کوشش میں ہلاک یا لاپتہ ہو چکے ہیں،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نیویارک میں یو این ایچ سی آر کے دفتر کے ڈائریکٹر روفن مینیکڈی ویلا نے بحیرہ روم میں تارکین وطن کے بحران سے متعلق سلامتی کونسل کے اجلاس کے دوران کہا کہ رواں سال کے آغاز سے 24 ستمبر تک 2500 سے زائد افراد ہلاک یا لاپتہ ہو گئے تھے۔ یہ تعداد ظاہر کرتی ہے کہ 2022 میں اسی مدت کے دوران 1,680 لوگوں کے مقابلے میں دو تہائی کا اضافہ ہوا۔یو این اہلکار نے اس بات پر بھی زور دیا کہ زمین پر بھی جانیں ضائع ہو رہی ہیں اور ان پر کسی کی توجہ نہیں جاتی ۔انہوں نے نشاندہی کی کہ مغربی یا مشرقی افریقہ اور ہارن آف افریقہ سے لیبیا تک کا سفر اور ساحل پر شروع ہونے والے مقامات دنیا کے خطرناک ترین سفروں میں سے ایک ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سب صحارا افریقہ سے زمینی راستے سے سفر کرنے والے مہاجرین اور تارکین وطن کو ہر قدم پر موت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سامنا ہے۔اعلان کردہ اعداد و شمار کے مطابق سال کے آغاز سے 24 ستمبر 2023 کے درمیان مجموعی طور پر 186,000 تارکین وطن جنوبی یورپ (اٹلی، یونان، قبرص اور مالٹا) پہنچے، جن میں سے 130,000 اٹلی میں بھی شامل ہیں ۔رواں سال کے آغاز اور اگست 2023 کے درمیان 102,000 سے زیادہ تارکین وطن نے تونس سے اور 45,000 نے لیبیا سے بحیرہ روم عبور کرنے کی کوشش کی۔