• news

اخلاقی بگاڑ کی اصلاح کیلئے محمدی اخلاقیات اپنائیں: طاہر القادری

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) منہاج القرآن انٹرنیشنل کے زیرِ اہتمام مینار پاکستان پر منعقدہ40ویں عالمی میلاد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بانی و سرپرست شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا کہ اخلاقی بگاڑ کی اصلاح، فرقہ واریت، انتہا پسندی اور نفرتوں کے خاتمے کے لئے محمدی اخلاقیات اپنانا ہوں گی۔ معاشی، معاشرتی بحرانوں نے اخلاقی بحران اور رویوں میں بگاڑ کی شکل اختیار کر لی ہے، اس بگاڑ کی اصلاح کے لئے سیرتِ طیبہ کے ہر گوشے کو اپنی زندگیوں پر عملاً نافذ کیا جائے۔ 23مارچ 1940ءکے دن مینار پاکستان کے اسی مقام پر لاکھوں فرزندانِ توحید و عشاقانِ مصطفی نے پاکستان حاصل کرنے کا عزم کیا تھا۔ آج ولادتِ مصطفی کے مبارک موقع پر پاکستان کی تعمیر و ترقی، اتحاد و یکجہتی کے فروغ اور ہر قسم کے متشدد رویوں اور عدم برداشت سے نجات کے لئے تجدید عہد کیا جائے۔ اخلاقی بگاڑ نے انسانوں سے انسانیت چھین لی۔ حلال، حرام کا فرق مٹ گیا، ظالم اور مظلوم کی مدد کے تصورات بدل گئے۔ جنگ کے بغیر ہر شخص حالت جنگ میں ہے۔ اللہ نے جتنی باقی عمر عطا کی ہے میں اس کا ہر لمحہ اخلاقیاتِ محمدی کی ترویج و اشاعت اور فروغ کے لئے بروئے کار لانا چاہتا ہوں۔ بگاڑ کے اس ماحول میں ہر فرد کو داعی بننا ہو گا اور اپنی دعوتِ دین کو علمی رسوخ سے پختہ بنانا ہو گا۔ ہمیں سیرتِ طیبہ کو فروغ دے کر مٹ جانے والی اخلاقی قدروں کا ازسرنو احیاءکرنا ہو گا۔ میں نوجوانوں کو مصطفوی اخلاقیات کا پیکر دیکھنا چاہتا ہوں۔ عالمی میلاد کانفرنس سے جامع الازہر مصر یونیورسٹی کے سابق چانسلر اور ممبر پارلیمنٹ مصر پروفیسر ڈاکٹر اسامہ محمد حسن العبد، پروفیسر ڈاکٹر محمد نصر اللبان، چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، سید آغا جواد نقوی، جسٹس (ر) محمد نذیر غازی، خرم نواز گنڈاپور، خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ، مفتی زبیر فہیم، مولانا محمد خان لغاری، صاحبزادہ پرویز اکبر ساقی، سید حسنین رضا شاہ، پیر سید شاہ شہزاد ظفر، علامہ پیر ضیاءالحق نقشبندی، پیر سید لطف اللہ شاہ، پیر سید صفدر حسین گیلانی نے اظہار خیال کیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن