• news

پٹرول‘ڈیزل پر تیل کمپنیوں‘ڈیلرز کا مارجن بڑھا دیا گیا

 اسلام آباد(نا مہ نگار)حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل پر تیل کمپنیوں اور ڈیلرز کا مارجن مزید بڑھا دیا جس کے نتیجے میں پیٹرولیم مصنوعات پر مکمل ریلیف عوام تک نہ پہنچ سکا۔پیٹرول اور ڈیزل پر مارجن میں 88 پیسے فی لیٹر مزید اضافہ کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق حکومت نے پٹرول اور ڈیزل پر فریٹ مارجن بڑھا دیا ہے، ڈیزل پر فریٹ مارجن 80 پیسے فی لیٹر بڑھایا گیا، جس سے ڈیزل پر فریٹ مارجن 1 روپے 78 پیسے فی لیٹر ہو گیا ہے۔دستاویز کے مطابق پٹرول پر فریٹ مارجن 16 پیسے فی لیٹر بڑھا دیا گیا، جس سے پٹرول پر فریٹ مارجن 5.53 روپے فی لیٹر ہو گیا ہے۔او ایم سی اور ڈیلرز مارجن میں فی لیٹر 88 پیسے تک کا اضافہ کیا گیا ہے، حکومت ڈیزل پر 65 روپے 70 پیسے فی لیٹر ٹیکسز مارجن وصول کر رہی ہے، ڈیزل پر 50 روپے فی لیٹر لیوی وصول کی جا رہی ہے، او ایم سی مارجن 6.70 روپے سے بڑھا کر 7.08 روپے کر دیا گیا ہے۔دستاویز کے مطابق ڈیزل پر ڈیلرز مارجن 7.41 روپے سے بڑھا کر 7.82 روپے فی لیٹر کر دیا گیا ہے، ڈیزل پر سیلز ٹیکس کی شرح صفر ہے، حکومت پٹرول پر 80 روپے 29 پیسے فی لیٹر ٹیکسز مارجن وصول کر رہی ہے، پٹرول پر پیٹرولیم لیوی 60 روپے فی لیٹر ہے۔پٹرول تیل کمپنیوں کا مارجن 6.47 سے 6.94 روپے فی لیٹر کر دیا گیا ہے، پٹرول پر ڈیلرز مارجن 7.41 سے 7.82 روپے فی لیٹر کیا گیا، پٹرول پر سیلز ٹیکس کی شرح صفر ہے۔

ای پیپر-دی نیشن