• news

21اکتوبر کو عوام پانامہ ‘اقامہ کے ڈرامہ سازوں کو دفن کر دیں گے‘ رانا ثنا

فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے 21اکتوبر کو عوام نواز شریف کا تاریخی استقبال کرکے پانامہ اور اقامہ کے ڈرامہ سازوں کو ہمیشہ کے لئے دفن کر دیں گے۔ انہوں نے کہا 21اکتوبر کسی فرد کا نہیں ،پاکستان کے روشن مستقبل کا استقبال ہے، 21اکتوبر ہم سب کے سرخرو ہونے کا دن ہے ، جنہوں نے نواز شریف کےخلاف سازش کی وہ ہر ایک رسوائی سمیٹ کے گھر گیا، نواز شریف کا استقبال تاریخی ہوگا۔انہوں نے کہا نوازشریف نے پاکستان کو ایٹمی ملک بنایا، آج اسے بھکاری ملک بنادیا گیا جو باعث شرم ہے، نوازشریف کو وزیراعظم بناکر عوام اپنے بچوں کا مستقبل محفوظ بنائیں گے، نوازشریف کے وزیراعظم بننے کا مطلب مہنگائی کے عذاب کم کرنا ہے، قائد نوازشریف کا استقبال کریں گے، ترقی اور خوش حالی کا استقبال کریں گے۔انہوں نے کہا کسان ، محنت کش، دیہاڑی دار، طالب علم، استادسب نوازشریف کی راہ دیکھ رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن مالکان بھٹہ خشت ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت ضلعی صدر چوہدری عبدالرزاق باجوہ، سر پرست اعلیٰ چوہدری اشرف گجر کر رہے تھے ۔ ملاقات میں انہوں نے 21اکتوبر کو قائد مسلم لیگ میاں محمد نواز شریف کی وطن واپسی پر تاریخی استقبال اور مینار پاکستان جلسہ میں بھٹہ برادری کی طرف سے ہزاروں کارکنوں کی شرکت کی یقین دہانی کرائی ۔ڈویژنل صدر حاجی اسلام، چیئر مین حاجی الطاف، سینئر نائب صدر میاں فرمان، جنرل سیکر ٹری حاجی غلام مصطفی،سیکر ٹری فنانس میاں اسد یوسف،رانا رﺅف خاں، سابق چیئر مین یو سی 172میاں فاروق،میاں مقصود، ملک افتخار احمد، میاں شاہد جاوید، ذیشان ڈوگر، ملک برہان اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

ای پیپر-دی نیشن