• news

میانوالی: چیک پوسٹ پر حملہ، ایک اہلکار شہید، امیر ٹی ٹی پی لکی مروت کے بھائی سمیت 2ہلاک

میانوالی ( نمائندہ نوائے وقت، نامہ نگار،نوائے وقت رپورٹ) میانوالی میں کنڈل کے مقام پر چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں ایک اہلکار شہید جبکہ دو دہشتگرد مارے گئے۔آئی جی پنجاب کے مطابق 15سے 20دہشتگردوں نے کنڈل پٹرولنگ پوسٹ پر حملہ کیا تھا، چیک پوسٹ کی چھت پر موجود اہلکار کی جوابی فائرنگ سے دو دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔آئی جی پولیس کے مطابق چیک پوسٹ پر دواطراف سے حملہ کیاگیا تھا، پنجاب پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے کنڈل پٹرولنگ پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنادیا ، پولیس کی جوابی کارروائی کے بعد دو دہشتگرد ہلاک جبکہ دیگر فرار ہو گئے۔آئی جی پنجاب کے مطابق دہشتگردوں کے حملے کےخلاف پولیس کی جوابی کارروائی میں ہیڈ کانسٹیبل ہارون خان دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہو گئے۔دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے پٹرولنگ پولیس میانوالی کے ہیڈ کانسٹیبل ہارون خان کی نماز جنازہ پولیس لائن میانوالی میں ادا کر دی گئی۔بعد ازاں سپرد خاک کر دیا گیا۔آجی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور ، آر پی او شارق کمال صدیقی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔آئی جی پنجاب نے شہید ہیڈ کانسٹیبل ہارون خان کی بے مثال قربانی کو شایان شان خراج تحسین پیش کیا۔ وطن کی خاطر جان قربان کرنا عظیم لوگوں کا کام ہے ۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ دہشتگردوں نے شیر کے منہ میں ہاتھ ڈال دیا، انہیں نشان عبرت بنائیں گے۔میانوالی میں پی ایچ پی چیک پوسٹ کنڈل کے دورے کے موقع پر آئی جی پنجاب نے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے والے بہادر پولیس جوانوں سے ملاقات کی۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے 4 جوانوں کو حملہ ناکام بنانے پر نقد انعام سے نوازا۔میانوالی میں پولیس مقابلے میں ہلاک دونوں دہشتگردوں کی شناخت ہو گئی۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کی شناخت زبیر نواز اور محمد خان کے ناموں سے ہوئی ہے جن کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے تھا۔سی ٹی ٹی حکام کا بتانا ہے کہ زبیر نواز کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی کے ٹیپو گروپ سے تھا جو لکی مروت کے ٹی ٹی پی امیر ارشد نواز کا بھائی تھا، زبیر نواز پنجاب میں فرقہ وارانہ قتل، بھتہ خوری اور سنگین جرائم میں مطلوب تھا۔حکام کے مطابق دوسرے ہلاک دہشتگرد کی شناخت محمد خان کے نام سے ہوئی ہے، محمد خان کا تعلق بھی کالعدم ٹی ٹی پی کے ٹیپو گروپ سے تھا۔سی ٹی ٹی حکام کا کہنا ہے کہ دونوں دہشتگردوں کی شناخت انٹیلی جنس ایجنسیوں اور جدید سافٹ وئیرز کی مدد سے ہوئی۔سابق صدر آصف زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے میانوالی میں پولیس پر ہونے والے دہشتگردانہ حملے کی مذمت کی ہے۔اپنے پیغام میں سابق صدر آصف علی زرداری نے شہید پولیس اہلکار کے خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا، اور مطالبہ کیا کہ دہشتگردوں کا پیچھا کرکے ان کی نرسریوں کو تباہ کیا جائے۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی میانوالی میں دہشتگردوں کی طرف سے پولیس پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے جوانوں کو بہادری سے مقابلہ کرنے پر شاباش پیش کرتا ہوں۔انہوں نے پولیس کے شہید اہلکار کے خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کا پیچھا کرکے ان کے سرپرستوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے، دہشتگرد دھرتی اور قوم کے دشمن ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن