پنجاب میں آشوب چشم کے 1134نئے مریض، ہسپتالوں میں آئی ڈراپس کی وافر مقدار مہیا کردی: ڈاکٹر جمال
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) محکمہ پرائمری ہیلتھ پنجاب کا کہنا ہے کہ رواں سال پنجاب کے 36 اضلاع میں آشوب چشم کے مریضوں کی کل تعداد 3 لاکھ 95 ہزار 929 ہو گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق پنجاب میں گز شتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں آشوب چشم کے 1134 نئے مریض رپورٹ ہوئے، رواں سال آشوب چشم کے سب سے زیادہ مریض بہاولپور میں 77 ہزار 672 رپورٹ ہوئے ہیں۔محکمہ پرائمری ہیلتھ پنجاب کے مطابق رواں سال لاہور میں آشوب چشم کے 23,633 مریض اور گزشتہ روز آشوب چشم کے 236 نئے مریض سامنے آئے، جب کہ بہاولپور میں گزشتہ روز آشوب چشم کے 34 نئے مریض سامنے آئے۔رواں سال ملتان میں آشوب چشم کے کل 16,464 مریض رپورٹ ہوئے، ملتان میں گزشتہ روز آشوب چشم کے 113 نئے مریض سامنے آئے، رواں سال فیصل آباد میں آشوب چشم کے کل 31,006 مریض رپورٹ ہوئے، جب کہ گزشتہ روز آشوب چشم کے 35 نئے مریض سامنے آئے۔ رواں سال راولپنڈی میں آشوب چشم کے کل 9182 مریض رپورٹ ہوئے اور گزشتہ روز آشوب چشم کے 63 نئے مریض سامنے آئے۔پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے وزیر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ آشوب چشم کے مریض علاج اور رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن 1033 پر رابطہ کریں، صوبے بھر کے سرکاری اسپتالوں میں آئی سرجنز کو 24 گھنٹے الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے، انھوں نے کہا تمام اسپتالوں میں آئی ڈراپس وافر مقدار میں مہیا کر دیے گئے ہیں۔ڈاکٹر جمال ناصر کے مطابق آشوب چشم خطرناک نہیں اور نہ ہی اس سے بینائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، آشوب چشم کا مرض 8 سے 10 دن میں خود بخود ٹھیک ہو جاتا ہے، شہری انکھوں کی صفائی کا خیال رکھیں، تیز دھوپ اور گرد و غبار سے آنکھوں کو بچائیں، نیز آشوب چشم میں مبتلا شخص کے کپڑے اور تولیہ وغیرہ علیحدہ رکھیں۔