• news

پاکستان کو آئرن برادر کی کامیابیوں پر فخر: وزیراعظم

اسلام آباد + لاہور (خبر نگار خصوصی+نامہ نگار +نوائے وقت رپورٹ) نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کیانگ سمیت پوری چینی قوم کو چین کے 74 ویں قومی دن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنے آئرن برادر کی کامیابیوں پر فخر کرتا ہے۔ اتوار کو ایکس / ٹویٹرپراپنے ایک ٹویٹ میں نگراں وزیراعظم نے کہا کہ آج کی دنیا میں چین امن ، استحکام کے ساتھ ساتھ ترقی اور خوشحالی کا مرکز بن چکا ہے۔ اپنے پیغام کے آخر میں انہوں نے پاک چین دوستی زندہ باد بھی تحریر کیا۔نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضی سولنگی نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ یکم اکتوبر کو عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ امید ہے کہ موجودہ سال اور آنے والے برسوں میں پاکستان اور چین کے تعلقات کامیابیوں کے نئے سنگ میل عبور کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ پہلے سے زیادہ مضبوط اورخوشگوار ہوںگے۔ سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے چین کے قومی دن پر صدر شی جن پنگ اور چین کے عوام کو مبارک دیتے ہوئے کہاہے کہ صدر شی جن پنگ نے دنیا کو ترقی اور امن کا انقلابی ویژن دیا ہے،چین کے ساتھ پاکستان کی سٹریٹیجک کوآپریٹو شراکت داری کو مزید مظبوط بنائیں گے۔ اپنے بیان میں شہبازشریف نے کہاکہ کمیونسٹ پارٹی چین اور اس کی قیادت کی تاریخی جدوجہد کے نتیجے میں چین آج دنیا کی بڑی معاشی طاقت بن چکا ہے۔ شہباز شریف نے کہاکہ صدر شی جن پنگ نے چین کی ترقی کو نئی منزلوں سے ہمکنار کیا ہے، صدر شی جن پنگ نے دنیا کو ترقی اور امن کا انقلابی ویژن دیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ گولڈن ویک' پر چین کے عوام کے لئے نیک تمناو¿ں اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہیں۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری نے برادرملک چین کے قومی دن پر مبارک باد دی۔بلاول بھٹوزرداری نے قومی دن پر چین کے عوام اور حکومت کیلئے نیک تمناو¿ں کا اظہار کیا، چیئرمین پی پی نے کہا چین پاکستان کا بہترین دوست ہے، ہردورمیں پاک چین دوستی ضبوط و مثالی رہی ہے، اقتصادی راہداری جیسے عالمی منصوبے پاک چین دوستی کا ہی ایک نتیجہ ہیں۔پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے مزید کہا چین کے عوام اور حکومت نے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔سپیکر قومی اسمبلی و سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف نے جمہوریہ چین کے 74ویں یوم تاسیس کے موقع پر چینی صدر شی جن پنگ، چیئرمین پیپلز ریپبلک آف چائنا اور چین کی پارلیمان اور عوام کو مبارکباد دی ہے ۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اپنے پیغام میں کہا کہ عوامی جمہوریہ چین کو قومی دن کے موقع پر پاکستان کی پارلیمان اور عوام کی جانب سے مبارکباد پیش کرتے ہیں، چین اور پاکستان کی لازوال دوستی کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے مابین تعلقات باہمی احترام، تاریخ اور ثقافت کے مضبوط رشتوں پر استوار ہیں،پاکستان اور چین کے عوام ایک دوسرے سے گہری وابستگی رکھتے ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ چین پاکستان کے دکھ سکھ کا ساتھی ہے، چین نے بہت کم عرصے میں ترقی کے بے مثال منازل طے کی ہیں، چین کی معیشت دنیا کی بہترین معیشتوں میں سے ایک ہے۔نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن پر چینی صدر، وزیراعظم اور دیگر قیادت کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ نگران وزیراعلی پنجاب نے چین کے سفیر، چینی قونصل جنرل اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کا بہترین ہمسایہ دوست اور سٹرٹیجک پارٹنر ہے، چین کی نمایاں کامیابیاں پاکستان سمیت تمام ترقی پذیر ممالک کیلئے قابل تقلید ہے، پاکستان اور چین کے تعلقات نے وقت کی کسوٹی پر ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور مضبوط سے مضبوط تر ہوتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک ) ایک گیم چینجر ہے جو ہمارے دونوں ممالک کے عوام کو بے پناہ ثمرات فراہم کر رہا ہے۔نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے اپنے چینی ہم منصب وانگ ژی اور چین کے عوام کو چین کے قومی دن پر مبارکباددی ہے۔ اتوار کو ایکس(ٹویٹر)پر اپنے ایک ٹویٹ میں نگراں وزیر خارجہ نے کہا کہ آج ہم عظیم چینی قوم کو عظیم تاریخ، ثقافت اور کامیابیوں پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ پاکستان اور چین کی آہنی دوستی کو عظیم بلندیوں تک پہنچائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن