نواز شریف زیادہ طاقتور ہوکر واپس آرہا، نکالنے والے عبرت کا نشان بن چکے: مریم نواز
اسلام آباد ( نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ نواز شریف پاکستان کو بحرانوں سے نکالنے آرہے ہیں، نواز شریف عوام کو مہنگائی سے نجات دلا کر نوجوانوں اور مزدوروں کے لیے روزگار، امن اور ترقی کے ایک نئے دورکا آغاز کریں گے۔لاہور میں مسلم لیگ ن یوتھ والنٹیئرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف ملک کی معیشت بحال کریں گے، دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے،21 اکتوبرکو عوام ثابت کریں گے کہ قائد صرف نواز شریف ہیں۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف پاکستان کے زخموں پر مرہم ہیں، اللہ تعالیٰ نے ہمیشہ نواز شریف کو سرخرو اور سربلندکیا، نظام کی اصلاح اور عوام کی فلاح نواز شریف کا مقصد ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی دی ہوئی ترقی نکال دیں توپاکستان میں صرف کھنڈرات بچیں گے، ہم نے قوم کی خدمت کا ایک لمحہ ضائع کیا نہ آئندہ کریں گے۔ علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کا گلگت بلتستان میں بڑا ورکرز کنونشن منعقد ہوا جس سے سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔کنونشن سے خطاب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ کنونشن گلگت بلتستان کے عوام کا نواز شریف کے حق میں ریفرنڈم ہے، گلگت بلتستان کے عوام کی محبت کا جواب نواز شریف ترقی کی صورت میں دیں گے، گلگت بلتستان اور یہاں کے بہادر اور وفا شعار عوام ہمارا فخر ہیں۔ نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ پاکستان کو ترقی دی، مہنگائی سے جان چھڑائی، مسلم لیگ ن ہمیشہ عوام کی زندگیوں میں خوشحالی لائی، نواز شریف گلگت بلتستان سمیت تمام پاکستان کو امن دیں گے، دہشت گردی سے نجات دلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ قائد مسلم لیگ ن نے سابق حکومت میں لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی ختم کی تھی، پھر قوم کو ان عذابوں سے نجات دیں گے، نواز شریف وعدوں کی تکمیل کا نام ہے، عوام ہمیں ووٹ دیتے ہیں تو نواز شریف کی قیادت میں ہماری حکومت ہمیشہ ڈلیور کرتی ہے۔
چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن نے کہا کہ نواز شریف باتیں نہیں کرتا، کام کرتا ہے، ترقی کے ہر منصوبے پر نواز شریف کا نام لکھا ہے، نواز شریف قوم کو متحد کرے گا، ہم ملک کی ترقی کا ایجنڈا دیں گے، نواز شریف نے ملک اور قوم کو مسائل سے نکالنے کا روڈ میپ تیار کر لیا ہے۔لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ2013 سے 2018 کے درمیان ترقی کی شرح 6.1 فیصد اور مہنگائی 3.8 فیصد کی کم ترین سطح پر تھی، نواز شریف کو ناحق سزا نہ ملتی تو عوام کو آج مہنگائی کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان سمیت پورے پاکستان کے نوجوانوں کو تعلیم، روزگار، ہنر اور کاروبار کے مواقع دیں گے، نوجوانوں کو لیپ ٹاپ اور تعلیمی وظائف دیں گے، 21 اکتوبر کو قائد مسلم لیگ ن کا تاریخی استقبال کریں گے۔ مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کو نکالنے والے عبرت کا نشان بنے ہوئے ہیں۔ استقبال کے حوالے سے شاہدرہ میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہ نواز شریف کو نکالنے والے عبرت کا نشان بنے بیٹھے ہیں اور جس کو نکالا گیا اس کا استقبال کرنے کے لیے پاکستان کے عوام تیاریاں کررہے ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ ہر بار کی طرح نوازشریف پہلے سے زیادہ طاقت ور ہوکر واپس آرہا ہے، 21 اکتوبر کو اس ملک پاکستان میں امید ، ترقی ، امن، روزگار، مہنگائی کے خاتمے کی واپسی ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ ایک لیڈر پر مشکل آئی تو اس کی جماعت کے ٹکڑے ٹکڑے ہوگئے، جس نے نواز شریف اور ترقی کو روکا وہ آج کوڑے دان میں پڑا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف نے سیاسی انتقام، جھوٹے مقدمات اور جیلیں سہیں، ان کے سیاسی نقصانات کا اندازہ نہیں کرسکتے، اور ان کے ذاتی نقصانات کا ازالہ بھی کوئی ہیں کرسکتا۔قبل ازیں گلگت بلتستان میں ورکرز کنونشن سے وڈیو لنک کے ذریعے خطاب کے دوران نواز شریف نے ملک اور قوم کو مسائل سے نکالنے کا ایجنڈا تیار کر لیا ہے، نواز شریف کو ناحق سزا نہ ملتی تو عوام کو آج مہنگائی کی سزا نہ ملتی۔