• news

ملک بھر میں انسداد پولیو مہم آج شروع ،40 ملین سے زائد بچوں کو ویکسین پلائی جائےگی

اسلام آباد(خبرنگار)ملک بھر میں انسداد پولیو مہم آج (پیر )سے شروع ہو رہی ہے جس میں پانچ سال تک کی عمر کے 40 ملین سے زائد بچوں کو وٹامن اے کی اضافی خوراک کے ساتھ پولیو ویکسین پلائی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق رواں سال وائرس کے خاتمے کی امید کے ساتھ معذوری کے مرض کے خلاف مہم کے لیے ہزاروں ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں یہ مہم دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے تمام صوبوں میں لاگو ہے۔پبلک پارکس، ریلوے سٹیشنوں، بس اور ویگن سٹینڈز، ہوائی اڈوں اور ٹرانزٹ پوائنٹس پر خصوصی کانٹر قائم کئے جائیں گے تاکہ بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جا سکیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ کوئی بچہ ویکسین سے محروم نہ رہے ۔نگراں وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر انسداد پولیو کی قومی مہم کا آغاز کر دیااتوار کو انسداد پولیو کی مہم کے آغاز کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سال 2023 کی دوسری قومی انسداد پولیو مہم 2 اکتوبر سے ملک بھر میں شروع ہو رہی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ قومی انسداد پولیو مہم میں تقریبا 43 ملین بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ پولیو کا کوئی علاج نہیں اور صرف پولیو ویکسین ہی بچوں کو مستقل معذوری سے بچا سکتی ہے انہوں نے والدین، سول سوسائٹی، اساتذہ، علمائے کرام اور مذہبی اسکالرز پر زور دیا کہ وہ پولیو کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں۔ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہماری قومی غیرت و حمیت کے لیے ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک مرحلے پر افغانستان اور پاکستان سے پولیو کا خاتمہ ممکن نہیں تھا لیکن اب ہم پولیو کے خاتمے کے قریب ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کی جنگ والدین کی مدد کے بغیر نہیں جیتی جا سکتی انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پولیو رضاکاروں کے ساتھ تعاون کریں جب وہ ان کی دہلیز پر ہوں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت کام کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزارت نے وائرس کے پھیلا کو روکنے کے لیے جنوبی کے پی میں اعلی افسران کو تعینات کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن