یوتھ کونسل پاکستان کے وفد کی برطانوی پارلیمانی وفد سے ملاقات
اسلام آباد(این این آئی) یوتھ کونسل پاکستان کے ایک وفد نے اسلام آباد میں برطانیہ کے پارلیمانی وفد سے ملاقات کی اور مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سمیت مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق برطانوی پارلیمانی وفد کی قیادت رکن پارلیمنٹ اینڈریو گیوین جبکہ یوتھ کونسل پاکستان کے وفد کی قیادت کونسل کے صدر محمد شہزاد خان نے کی۔جموں و کشمیرتحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین اورتحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل برطانیہ کے یوتھ ونگ کے چیئرمین ذیشان عارف بھی ملاقات میں موجود تھے۔اینڈریو گیوین نے تنازعہ کشمیر پربات کرتے ہوئے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کرنا ہر قوم کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے لوگوں میں خبروں کو جلدی بھول جانے کے رجحان کی نشاندہی کرتے ہوئے کشمیر کے مسئلے کو فراموش نہ ہونے دینے کی اہمیت پر زور دیا۔