مذاکرات میں ڈیڈلاک برقرار: برطانیہ میں لاکھوں ریل ملازمین کی ہڑتال جاری
لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) تنخواہوں میں مطلوبہ اضافہ نہ ہونے پر برطانیہ میں لاکھوں ریل ملازمین کی ہڑتال جاری ہے۔ ریل ملازمین کی یونین اپنے مطالبات کیلئے 27 ویں بار ہڑتال پر ہیں۔ تنخواہوں میں اضافے کیلئے ریل یونین اور حکومت کے درمیان ڈیڈلاک برقرار ہے۔ ریلوے ملازمین نے حکومت سے تنخواہوں میں 14 فیصد اضافے کا مطالبہ کر رکھا ہے جبکہ حکومت صرف 4 فیصد اضافے پر راضی ہے۔ لندن انڈر گراﺅنڈ سٹیشنز کا سٹاف بھی 5 اکتوبر اور 6 اکتوبر کو بھی ہڑتال کرے گا۔ لندن سمیت برطانیہ کے دیگر علاقوں میں بھی ٹرینوں کا پہیہ جام رہا۔ دن میں ریل کی سروس انتہائی محدود جبکہ کئی علاقوں میں مکمل بند رہی۔ ہڑتال کے باعث سکاٹ لینڈ، ویلز اور شمالی برطانیہ جانے والوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ ملازمین کی ہڑتال سے 18 ماہ میں حکومت کو 1 ارب پاﺅنڈ کا نقصان ہو چکا ہے۔