میلاد النبی پر عاشقان رسول کو ٹارگٹ کرنا کھلی دہشت گردی ہے:راغب نعیمی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) دارالعلوم جامعہ نعیمیہ کے ناظم اعلیٰ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا ہے کہ سانحہ مستونگ کے مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ میلاد النبی کے مبارک دن پر عاشقان رسول کو ٹارگٹ کرنا کھلی دہشتگردی ہے۔ دہشت گردی پر قابو پانے کیلئے نتیجہ خیز اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ پوری قوم مستونگ اور ہنگو میں بے گناہ شہریوں اور نمازیوں کے جانی نقصان پر رنجیدہ ہے۔ دہشت گردی کے ذریعے معصوم اور بے گناہ شہریوں کی جانوں کا ضیاع ناقابل برداشت ہے۔ عیدمیلاد النبی کے جلوس کو ٹارگٹ کرنا دہشت گردوں کی اسلام دشمنی کا واضح ثبوت ہے۔ دہشت گردوں نے جس طرح میلاد ریلی میں خو ن کی ہولی کھیلی اس پر جتنا افسوس کیا جائے کم ہے۔