کوئٹہ میں گھریلو جھگڑے پر 4بیٹیوں کو زہر دیکر خاتون کی خودکشی، شوہر گرفتار
کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) ہزارہ ٹاﺅن کوئٹہ میں گھریلو ناچاقی کی بنا پر ماں نے 4 بچیوں سمیت زہر پی لیا۔ ماں اور تین بیٹیاں چل بسیں جبکہ ایک بچی کی حالت تشویشناک ہے۔ واقعہ گھریلو کشیدگی کے سبب پیش آیا جس کے بعد امدادی ادارے نے میتیں بی ایم سی ہسپتال منتقل کر دیں جبکہ ایک بچی کو تشویشناک حالت میں بی ایم سی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ واضح رہے کہ بلوچستان میں گزشتہ 3 ماہ سے خودکشیوں کی تعداد میں کئی گناہ اضافہ ہوا ہے جوکہ تشویشناک امر ہے۔ پولیس کے مطابق ہزارہ ٹا¶ن کے رہائشی عبداﷲ اور اس کی بیوی فاطمہ کے درمیان کافی عرصے سے گھریلو ناچاقی جاری تھی۔ گھریلو ناچاقی سے تنگ آ کر 35 سالہ فاطمہ نے اپنی 3 سالہ بیٹی علینا‘ 6 سالہ ارینہ‘ 8 برس کی ماہرہ اور 10 سالہ زاہدہ کو زہریلی دوا پلا کر خود بھی دوا پی کر خود کشی کر لی۔ پولیس نے نعشیں بولان میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیں۔ پولیس نے فاطمہ کے شوہر عبداﷲ کو حراست میں لے کر واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔