• news

ماضی میں بحران سے نکالا، انتخابات میں مسلم لیگ ن جیتے گی: تاجر

لاہور (نامہ نگار/ کامرس رپورٹر/ سٹاف رپورٹر) صوبائی دارالحکومت لاہور میں عوام اور اردو بازار سمیت مختلف مارکیٹس میں تاجروں نے مسلم لیگ (ن) کی جیت کی پیش گوئی کی ہے۔ معروف کاروباری مرکز اردو بازارکے تاجروں کی اکثریت کے مطابق آئندہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے انتخابات اکثریت سے جیتنے کی رائے دی ہے۔ جبکہ تاجروں کی کم تعداد نے کہا کہ وہ غیر جانبدار ہیں کچھ نہیں کہہ سکتے، یہ سیاسی معاملہ ہے۔ اردو بازار کے معروف تاجر رہنما انوار غفاری گوہر نے کہا کہ عام آدمی کو اچھی طرح سے علم ہے کہ ماضی میں مسلم لیگ (ن) نے ملک کو ہر بحران سے نکالا اور اقتصادی خوشحالی سے ہمکنار کیا۔ 2013ءمیں جب میاں نواز شریف نے حکومت سنبھالی تو ملک کو دہشت گردی، بجلی کے بحران سمیت کئی چیلنجز کا سامنا تھا، انہوں نے ان سب پر قابو پایا۔ عوام کو بجلی اور پٹرول کی قیمتوں میں ریلیف دیا اور ملک کو اقتصادی ترقی سے ہمکنار کیا۔ پھر ان کے بھائی میاں شہباز شریف نے اس وقت حکومت سنبھالی جب ملک ڈیفالٹ ہونے کے خطرے سے دوچار تھا۔ انہوں نے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا اور ہم پر امید ہیں کہ آئندہ انتخابات میں بھی مسلم لیگ (ن) اپنے قائد میاں نواز شریف کی راہنمائی میں اکثریت سے کامیاب ہو گی۔ آل پاکستان انجمن تاجران خالد گروپ کے صدر خالد پرویز نے کہا کہ وہ کچھ نہیں کہہ سکتے ہیں، بطور تاجر رہنما میں غیر جانبدار ہوں لیکن جو بھی انتخابات جیت کر آئے وہ محب وطن ہو اور انتقامی کارروائیوں سے پاک ہو، جو ملک پہلے ملک کی اقتصادی بحالی کرے اور پھر اقتصادی خوشحالی سے ہمکنار کرے۔ اردو بازار کے معروف تاجر، لا ہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ای سی ممبر اور آل پاکستان پیپر مرچنٹس ایسوسی ایشن کے سینئر راہنما خامس خامس بٹ نے کہا کہ 2013ءمیں مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے بطور وزیر اعظم عوام کو پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں ریلیف دیا۔ ان کے دور میں ملک میں مہنگائی کی شرح انتہائی کم تھی۔ پاکستان نے آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہا تھا۔ اب بھی عوام کو امید ہے کہ میاں نواز شریف ملک کو بحران سے نکالیں گے اور اقتصادی خوشحالی واپس لے کر آئیں گے۔ اس لئے میری ذاتی رائے ہے کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ اردو بازار کے معروف تاجر محمد خالد اور سید اختر علی ہاشمی نے کہا کہ ان کے خیال میں آئندہ عام انتخابات فیئر ہوئے تو مسلم لیگ (ن) اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ ملک بھر میں مسلم لیگ (ن) کے ووٹرز کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ اردو بازار کے معروف تاجر ملک محمد علی اور ملک لیاقت علی نے کہا کہ وہ پر امید ہیں کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ لوگوں میں گزشتہ سالوں کے دوران سیاسی فہم و فراست میں بہت اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے جان لیا ہے کہ کون سی سیاسی جماعت پریکٹیکل ہے اور کون سی سیاسی جماعت نان پریکٹیکل ہے۔ اردو بازار میں خریداری کے لئے آئے ہوئے صارفین عمر مشتاق، فیصل بٹ، رضوان، عمران ارشد، سمیت دیگر نے بھی نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کا تجزیہ کریں تو مسلم لیگ (ن) پاکستان کو بحران سے نکالنے والی جماعت ہے جس نے نہ صرف ملک کو اقتصادی ترقی دی بلکہ ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا۔ صوبائی دارالحکومت کی مختلف مارکیٹوں میں تاجروں اور خریداری کے لئے آنے والے صارفین کی اکثریت نے اپنی رائے میں کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ ہال روڈ کے تاجر حمید نے کہا کہ نواز شریف ہمارا لیڈر اور شیر ہے، وہی آئندہ وزیراعظم ہوں گے۔ تاجر غفار نے کہا کہ لاہور مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ہے، یہاں سے مسلم لیگ (ن) ہی جیتے گی۔ تاجر احسن نے کہا کہ عوام کو اب شعور آ چکا ہے۔ لاہور سے تحریک انصاف کامیاب ہو گی اور ن لیگ کا لاہور سے صفایا ہوگا۔ تاجر دانش نے کہا کہ وہ کسی جماعت کو ووٹ نہیں دیں گے، کیونکہ جو بھی آیا اس نے عوام پر مہنگائی کا بم گرایا ہے اور عوام کا جینا مشکل ہوگیا ہے۔ دکاندار پرویز نے کہا کہ عمران خان کو حق پر ہونے کی سزا دی جارہی ہے۔ عوام پی ٹی آئی کو ہی ووٹ دے کر کامیاب کریں گے۔ تاجر شکور نے کہا کہ اہل پنجاب دونوں جماعتوں مسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی کو آزما چکے ہیں، اب پنجاب میں پیپلز پارٹی کو بھی ایک موقع ملنا چاہیے۔ تاجر انیس نے کہا کہ ووٹ جسے مرضی دے دیں مگر جیتنا اسی نے ہے جسے اسٹیبلشمنٹ چاہے، مگر وہ ووٹ جماعت اسلامی کو دیں گے۔ تاجر یعقوب نے کہا کہ الیکشن ہوتے نظر نہیں آرہے، اگر نواز شریف پاکستان آگئے تو یقیناً وہ کامیاب ہوں گے اور وزیراعظم بنیں گے۔ فاروق نے کہا کہ وہ کسی کو ووٹ ڈالنے نہیں جائیں گے، عوام کی کسی پارٹی کو فکر نہیں ہے۔ تاجر کامران نے کہا کہ تحریک انصاف کو ایسے ہتھکنڈوں سے دبایا نہیں جاسکتا۔ عوام الیکشن ڈے پر ثابت کریں گے کہ وہ عمران خان کے مشن میں ان کے ساتھ ہیں۔ آئندہ سال ہونے والے جنرل الیکشن میں اپنی پسندیدہ پارٹیوں کو ووٹ دینے کے حوالے سے صوبائی دارالحکومت کے باسیوں نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا۔ شہر لاہور کی اکثریت مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی ممکنہ واپسی پر پرجوش اور پر امید نظر آئے۔ جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد نے عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کپتان کو الیکشن کے لئے ناگزیر قرار دیا۔ اس کے ساتھ ساتھ جیالوں کی نظر میں بلاول بھٹو زرداری ہی آئندہ وزیراعظم ہوں گے۔ شہر لاہور کی بڑی تعداد نے جماعت اسلامی اور تحریک لبیک کو اقتدار کے ایوانوں میں دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی، بجلی، گیس، پٹرول کی قیمتوں اضافہ پر شہریوں کی بڑی تعداد نے آئندہ الیکشن میں ووٹ دینے سے انکار کیا اور تمام سیاسی جماعتوں کو ملک کی تباہی کا ذمہ دار قرار دیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ سب کو آزما لیا ہے، جو بھی اقتدار میں آتا ہے وہ ملک و قوم کی بجائے اپنے فائدے کے کام کرتا ہے۔ نوائے وقت سے گفتگو کرتے شہریوں نے کہا کہ نواز شریف نے ملکی ترقی کے لئے بہترین اقدامات کئے۔ مہنگائی کو کم کیا، ملک سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، بہترین انفراسٹرکچر بنایا اور سب سے بڑھ کر ایٹمی دھماکے کرکے ملک کا دفاع نا قابل تسخیر بنا دیا۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے عمران خان کو بہترین سیاسی لیڈر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر عمران خان کو پانچ سال پورے کرنے دئیے جاتے تو وہ بہترین نتائج دیتا۔ پی ڈیم ایم میں موجود جماعتوں نے عمران خان کو سازش کے تحت گھر بھجوایا۔

ای پیپر-دی نیشن