انتخابات کی تاریخ ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، بلاول
کراچی ( نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کوئی حلقہ بندیوں کی بات کرتا ہے، کوئی کہتا ہے موسم ٹھنڈا ہوگا، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو چاہتی ہے الیکشن فوری ہوں۔تمام بلدیاتی نمائندے چیف الیکشن کمشنر اور نگراں وزیراعلیٰ سندھ کو خط بھیج رہے ہیں، بلدیاتی نمائندے خود جائزہ لیں کہ کون سے اچھے افسران ہیں۔کراچی میں بلدیاتی نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ تمام بلدیاتی نمائندوں کی شکایت ہے کہ وسائل کم ہیں۔ پیپلز پارٹی کا نعرہ روٹی کپڑا اور مکان ہے جس کی آج شدید ضرورت ہے۔ ہم اپنا حق لینا جانتے ہیں۔پاکستان کے عوام دیکھ لیں ان کے احتساب سے کون بھاگ رہا ہے، جب تک الیکشن کی تاریخ کا نوٹیفکیشن نہیں آتا ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔عوام بیروزگاری اور مہنگائی کی وجہ سے تکلیف میں ہیں۔کرپشن برداشت نہیں کروں گا، کرپشن سے عوام کا نقصان ہوتا ہے۔سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ ملک کے تمام مسائل کا حل پیپلز پارٹی کے منشور میں ہے۔ بلدیاتی نمائندے چیک کریں کہاں اسکیموں پر کام چل رہا ہے اور کہاں رکا ہوا ہے، ہمارے جاری منصوبوں کو روکا جارہا ہے۔ مسائل حل نہ ہوئے تو عدالتی راستہ اختیار کریں گے۔ علاوہ ازیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہمارے جاری منصوبوں کو روکا جارہا ہے،سندھ میں ترقیاتی منصوبے روکنے کا معاملہ الیکشن کمیشن کے سامنے اٹھائیں گے۔ اگر مسئلہ حل نہ ہوا تو عدالت سے رجوع کریں گے، خواہش ہے وفاق اور صوبوں میں اسکیمز جاری رہیں، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو وقت پر الیکشن چاہتی ہے۔جب تک الیکشن کی تاریخ نہیں ملتی چین سے نہیں بیٹھیں گے