اکتوبر سے مارچ تک فیول ایڈجسٹمنٹ: بجلی 3.28روپے یونٹ مہنگی
اسلام آباد(نامہ نگار)نیپرا نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی3.28روپے فی یونٹ مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔نیپرانے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں فی یونٹ بجلی 3 روپے 28 پیسے مہنگی کرنے کی منظوری دی تھی۔وفاقی حکومت سے منظوری کے بعد نیپرا نے بجلی مہنگی کرنے کا اپنا فیصلہ جاری کردیا ۔نیپرا نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی صارفین کو 6 ماہ میں اضافی ادائیگیاں کرنا ہوں گی۔ بجلی صارفین اکتوبر 2023 تا مارچ 2024 تک ادائیگیاں کریں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی ہو گا۔
بجلی مہنگی
اسلام آباد (چوہدری شاہد اجمل) آئی ایم ایف کے مطالبے پر نگران حکومت نے گیس مہنگی کرنے کی تیاری مکمل کرلی ، پی ڈی ایم کی سابقہ حکومت گیس مہنگی کرنے کا فیصلہ موخر کرگئی تھی۔ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے گیس کے ریٹ45 فیصد بڑھانے اور گیس ریٹ بڑھا کر 435 ارب روپے جمع کرنے کا مطالبہ کررکھا ہے اور آئی ایم ایف گیس ریٹ بڑھانے میں کوئی رعایت دینے پر تیار نہیں ہے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ گیس کے چھوٹے صارفین کو ریٹ میں اضافے سے بچانے کیلئے حکمت عملی تیار کرلی ہے، گیس کے چھوٹے صارفین کے لیے گیس مہنگی نہیں کی جائے گی۔نگران حکومت نے گیس کے 64 فیصد صارفین کو بچانے کیلئے حکمت عملی بنالی ہے ، جلد گیس کے ریٹ 45 فیصدتک بڑھانےکا نوٹیفکیشن جاری ہوگا، گیس کے ریٹ میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔گیس صارفین اکتوبر تا دسمبر بلوں میں جولائی تا ستمبر کے واجبات کلیئر کریں گے ، گیس کے ریٹ میں اضافے کا اطلاق بڑے گھریلو صارفین پر بھی ہوگا۔ذرائع کے مطابق کمرشل صارفین، تندور اور ہوٹلوں ، صنعتی صارفین اور سی این جی سمیت کھاد کارخانوں ،اسٹیل انڈسٹری کے لیے بھی گیس مہنگی ہونے کا امکان ہے۔
گیس مہنگی